1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی اہلیہ پہلی یورپی امریکی خاتون اول ہو سکتی ہیں

صائمہ حیدر19 جولائی 2016

ریپبلکن جماعت کی جانب سے متوقع امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اگر صدارت کا عہدہ سنبھالتے ہیں تو ان کی اہلیہ گزشتہ دو سو سال کے عرصے میں پہلی یورپین خاتون ہوں گی جو امریکا کی خاتون اول بنیں گی۔

https://p.dw.com/p/1JRa7
USA Melania Trump Fashion Week New York
مالینیا عوام میں جانے کی عادی ہیں وہ اچھے ملبوسات پہنتی ہیں اور خوب رو ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/P. Foley

ٹرمپ کی اہلیہ مالینیا ٹرمپ کا آبائی وطن سلووینیا ہے۔ ڈی ڈبلیو نے مالینیا کے شہرِ پیدائش سیونیکا کا دورہ کیا۔ دارالحکومت لبلیانہ سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع سیونیکا سے مالینیا نامی اس لڑکی کے ناقابل یقین عروج نے سلووینیا میں ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر رکھا ہے۔ سن انیس سو ساٹھ کے بنے ایک معمولی سے اپارٹمنٹ کے سامنے ٹی وی کا عملہ نظر آنا اب ایک معمول کی بات ہے۔ یہ وہ اپارٹمنٹ ہے جہاں مالینیا اور ان کی بڑی بہن اینس پلی بڑھیں تھیں۔ سیونیکا کے مئیر سریکو اوک ورک اس پیش رفت پر بہت ‌خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا،’’ اب زیادہ سے زیادہ لوگ یہاں آ رہے ہیں۔ مالینیا نے نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ اس نے یہ دکھا دیا ہے کہ کوئی انسان زندگی میں کتنا کچھ حاصل کر سکتا ہے۔‘‘ مئیر نے مزید بتایا کہ مالینیا کے والدین یوں تو امریکا منتقل ہو چکے ہیں تاہم وہ گاہے بگاہے اپنے آبائی گھر آتے رہتے ہیں اور مقامی معاشرے کا حصہ ہیں۔‘‘

Slowenien Stadt Sevnica
مالینیا ٹرمپ کا آبائی شہر سیونیکاتصویر: Getty Images/AFP/J. Makovec

سابق رکن پارلیمنٹ اور مصنف اگور اومرزا نے صحافی بوجان پوزار کے ساتھ مل کر سابقہ ماڈل پر ایک کتاب تحریر کی ہے۔ ان حضرات کی تحقیق کے مطابق مالینیا کے والد کے کمیونسٹ پارٹی کا رکن ہونے کی افواہ درست ہے۔ اور یہ معاملہ امریکا میں ریپبلکنز کے لیے ایک متنازعہ مسئلہ ہے۔ یہ تو صاف ظاہر ہے کہ سلووینیا میں آج کل مالینیا کا جنون ہے۔ اومرزا کی رائے میں مالینیا امریکی خاتون اول کے منصب کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’مالینیا عوام میں جانے کی عادی ہیں وہ اچھے ملبوسات پہنتی ہیں اور خوب رو ہیں۔‘‘سینتالیس سالہ پیٹر بوٹلن جو ماہر تعلقات عامہ بھی ہیں، مالینیا کے پہلے بوائے فرینڈ ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں لبلیانہ میں ملے تھے اور مالینیا نے ان کے ویسپا پر سواری بھی کی تھی۔ بوٹلن کے مطابق وہ جلد ہی ایک نیلامی میں اس ویسپا کو سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو فروخت کر دیں گے۔

Donald Trump mit Familie
ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ حالیہ انتخابی مہم کے دوران خاموش ہی رہی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

فیشن فوٹو گرافر سٹیں ییرکو اس بات پر نازاں ہیں کہ مالینیا کو انہوں نے دریافت کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا، ’’میرا خیال ہے کہ مالینیا بطور امریکی خاتون اول ایک فیشن آئیکون بن کے ابھریں گی۔‘‘ امریکی صدارتی دوڑ کے لیے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ حالیہ انتخابی مہم کے دوران خاموش ہی رہی ہیں۔ گزشتہ موسم گرما میں ٹرمپ کے اپنی نامزدگی کے اعلان سے پہلے سلووینیائی افراد انسٹا گرام پر ان کے اپارٹمنٹ کی خوبصورت اور مرصع تصاویر شائع کرتے تھے اور اب انہیں امید یہ ہے کہ جنوری سن 2017 میں مالینیا بھی امریکی خواتین اول کی صف میں شامل ہو جائیں۔