1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کے نئے سکیورٹی ایڈوائرز، میک ماسٹر

21 فروری 2017

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیکل فلِن کے استعفے کے بعد نیا سکیورٹی ایڈوائزر تعینات کر دیا ہے۔ ان کے نئے سکیورٹی ایڈوائزر امریکی فوج کے ایک لیفٹیننٹ جنرل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2XyD2
Us-Präsident Trump ernennt Generalleutnant H.R. McMaster zum Nationalen Sicherheitsberater
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Walsh

نئے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے پیر 20 فروری کو اعلان کیا گیا کہ اس عہدے کے لیے متعدد امیدواروں سے انٹرویو کے بعد انہوں نے ہیربرٹ ریمونڈ میک ماسٹر کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا ہے۔

میک ماسٹر امریکی فوج میں لیفٹیننٹ جنرل ہیں اور وہ عراق اور افغانستان میں ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ ٹرمپ کی طرف سے یہ اعلان ایک ایسے روز سامنے آیا جب نائب امریکی صدر برسلز کے دورے پر تھے اور انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ امریکی تعاون اور پارٹنر شپ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

جنرل مائیکل فِلن نے 13 فروری کو اپنے عہدے سے استعفے دے دیا تھا۔ فلن کی طرف سے روسی حکومت کے ساتھ رابطوں اور پھر یہ بات تسلیم کرنے کے بعد سخت دباؤ تھا کہ انہوں نے روسی حکومت سے رابطوں کے بارے میں نائب صدر اور ملکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی سے غلط بیانی کی تھی۔

Us-Präsident Trump ernennt Generalleutnant H.R. McMaster zum Nationalen Sicherheitsberater
54 سالہ میک ماسٹر کو ویتنام میں امریکی فوجی کردار پر تنقید کے حوالے سے جانا جاتا ہےتصویر: Reuters/K. Lamarque

جنرل مائیکل فِلن کے استعفے کے بعد امریکی ریٹائرڈ ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ کو بھی اس ذمہ داری کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے اس سے معذرت کر لی تھی۔ بعض اطلاعات کے مطابق ہارورڈ اپنی پسندیدہ ٹیم لانا چاہتے تھے جس سے انکار پر انہوں نے یہ عہدہ سنھبالنے سے انکار کر دیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ٹرمپ نے ’’میک ماسٹر کو یہ مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ جسے بھی مناسب سمجھیں اپنے اسٹاف میں شامل کر سکتے ہیں۔‘‘

54 سالہ میک ماسٹر کو ویتنام میں امریکی فوجی کردار پر تنقید کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ٹرمپ نے میک ماسٹر کو ’’انتہائی با صلاحیت اور بہت زیادہ تجربہ رکھنے والا شخص‘‘ قرار دیا ہے: ’’فوج میں ہر ایک کی نظر میں ان کی بہت زیادہ عزت ہے اور ان کی شمولیت ہمارے لیے عزت کی بات ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میک ماسٹر ٹرمپ کے مشیروں کی طویل فہرست میں ایک اور ایسا نام ہے جن کا تعلق ملکی فوج سے ہے۔ کئی دیگر عہدے داروں کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ کے وزیر دفاع اور ملکی داخلی سکیورٹی کے سربراہان بھی سابق فوجی افسران ہیں۔