1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو اور نیو ساوٴتھ ویلز فائنل میں

23 اکتوبر 2009

ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو کی ٹیم اپنی زبردست فارم جاری رکھتے ہوئے چیمپیئنز لیگ ٹوئنٹی ٹوئٹنی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ فائنل آج کھیلا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/KDP4
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر براوو نے چیمپئنز لیگ میں زبردست کارکردگی دکھائی ہےتصویر: AP

اب فائنل میں اس کا مقابلہ آسٹریلوی ٹیم نیو ساوٴتھ ویلز کے ساتھ بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر جمعہ تئیس اکتوبر کو ہوگا۔

بھارت میں جاری اس کرکٹ لیگ کے دوران ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ جمعرات کو کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو نے جنوبی افریقی ٹیم کیپ کوبراز کو سات وکٹوں سے شکست دی۔

کیپ کوبراز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 175 رنز بنائے۔ کوبراز کی طرف سے جے پی ڈومینی 61 اور ہرشل گبس 42 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہیں۔ اگرچہ یہ اسکور اچھا تھا تاہم ان فارم ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو کے بیٹسمینوں نے اس بظاہر مشکل ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔

Cricket Champions Trophy Südafrika
نیوساؤتھ ویلز کی طرف سے بریت لی نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو کی طرف سے ڈوان براوو نے ناقابل شکست 58 جبکہ کپتان ڈیرین گنگا نے 44 رنز بنائے۔ گنگا بھی ناٹ آوٴٹ رہے۔ براوو نے اپنی اننگز میں تین چھکے اور چار چوکے مارے اور وہ مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس کرکٹ لیگ کا پہلا سیمی فائنل اکیس اکتوبر کو آسٹریلیا کی ہی دو ٹیموں، نیو ساوٴتھ ویلز اور وکٹوریا کے درمیان دلّی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر کھیلا گیا، جس میں نیو ساوٴتھ ویلز نے 79 رنز سے شاندار کامیابی حاصل کی۔

نیوساوٴتھ ویلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 169رنز بنائے لیکن وکٹوریا کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔

نیوساوٴتھ ویلز کے افتتاحی بلے بازوں، ڈیوڈ وارنر اور ہیوز نے جارحانہ طریقے سے اننگز کا آغاز کیا۔ وارنر نے پچیس گیندوں میں اڑتالیس جبکہ ہیوز نے اٹھائیس گیندوں میں پینتیس رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر مین آف دی میچ قرار پائے۔

وکٹوریا کی طرف سے میک کے نے ستائیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں وکٹوریا کے پہلے تین کھلاڑی محض چھ کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر ویڈ نے سب سے زیادہ تئیس رنز بنائے اور وہ ناٹ آوٴٹ رہے۔

نیوساوٴتھ ویلز کے تمام ہی گیندبازوں نے زبردست بولنگ کی۔ ہین رکیس نے تین جبکہ بریٹ لی اور نیتھن ہارٹز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

دریں اثناء بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کی تینوں بڑی ٹیمیں دکن چارجرز، دہلی ڈیئر ڈیویلئز اور رایل چیلینجرز بنگلور چیمپیئنز لیگ سے باہر ہوچکی ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر

ادارت: ندیم گِل