1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ: سیمی فائنل مرحلہ شروع

16 جون 2009

آئی سی سی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سُپر ایٹ مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرگئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/IBy5
پاکستان نے بھی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہےتصویر: AP

گروپ ای سے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرگئی ہیں۔ اس گروپ سے انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم گروپ ایف سے چھہ پوانئٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گروپ ایف سے یہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ اسی گروپ سے نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
بھارت اور آسٹریلیا کا ٹورنامنٹ سے باہر ہونا سب سے بڑا اپ سیٹ ہے، بھارتی کپتان دھونی پریشانتصویر: AP

آئی سی سی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کپ میں دفاعی چیمپئن بھارت اور آسٹریلیا کا ٹورنامنٹ سے باہر ہونا سب سے بڑا اپ سیٹ تھا جبکہ آئرلینڈ کا ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے یعنی سُپر سٹیج کے لئے کوالیفائی کرنا کرکٹ مداحوں کے لئے حیرت کا باعث بنا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے 2007ءکے عالمی کپ میں پاکستان کو ایک میچ میں شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔

انگلینڈ میں جاری دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کا فیورٹ قرار دیا جارہا تھا لیکن سُپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کی وجہ سے بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

Chris Gayle
کرس گیل کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہےتصویر: AP

جن چار ٹیموں نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے ان میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں سب سے زیادہ متوازن دکھائی دے رہی ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی اب تک کی کارکردگی کسی بھی لحاظ سے غیرمعمولی نہیں رہی ہے۔ اگرچہ پاکستان نے نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کو سُپر ایٹ مرحلے میں کھیلے گئے میچوں میں شکست دی تاہم سری لنکا کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ اسی طرح ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں پاکستان نے ہالینڈ کو تو شکست دی تاہم انگلینڈ کی ٹیم سے ہار گیا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستان 1992ء کے عالمی کپ کی کارکردگی کو 2009ء کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں دہراکر عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا یا نہیں۔

گوہر نذیر

ادارت : امجد علی