1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی20: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف فتح

6 جولائی 2010

انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کھیلے جانے والے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان انگلینڈ کے اس دورے میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس کے 13 میچز کھیلے گا۔

https://p.dw.com/p/OBNX
تصویر: AP

ایج باسٹن سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں عمر اکمل نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگ کھیلتے ہوئے 64 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے سامنے 20 اووروں میں 168 رنز کا ہدف رکھا گیا تاہم پوری آسٹریلوی ٹیم صرف 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم میچ کے آٹھویں اوور میں صرف دو رنز کے عوض یکے بعد دیگرے تین بلے بازوں سے محروم ہوئی۔ اس موقع پر ٹیم صرف 47 رنز پر چارکھلاڑی آؤٹ کی پوزیشن پر اچھے خاصے دباؤ کا شکار دکھائی دی۔ لیکن اس کے بعد شعیب ملک اور عمر اکمل نے پاکستانی اننگ کو 51 رنز کی شراکت کے ساتھ اس دباؤ سے باہر نکال لیا۔

Umar Akmal
عمر اکمل نے اپنے کیریئر کی بہترین بیٹنگ کیتصویر: AP

پاکستانی کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کو کسی بین الاقوامی میچ میں فتح کے لئے خاصا انتظار کرنا پڑا تاہم اب ٹیم ایک مرتبہ پھر فتح کی پٹری پر گامزن ہو گئی ہے۔ وقار یونس نے عمر اکمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا:’’میں نے پاکستانی ٹیم میں گزشتہ پندرہ بیس برسوں میں عمر اکمل سے اچھا کھلاڑی نہیں دیکھا۔ وہ ہر شعبے میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔‘‘

آسٹریلیا نے اپنی اننگ کا آغاز خاصے بہتر انداز میں کیا تاہم سعید اجمل نے چار اووروں میں 26 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر آسٹریلیا سے فتح دور کر دی۔ دوسرے اینڈ سے تیز گیند باز محمد عامر نے بھی تین آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم 85 کے سکور پر اپنی چوتھی وکٹ سے محروم ہوئی تو مائیکل ہسسی میدان میں اترے۔ تاہم عمر گل نے انہیں ایک ریورس سوئنگ بال پر صرف اٹھارہ کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔ مائیکل ہسسی نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں صرف 24 گیندوں پر 60 رنزکی ایک یادگار اننگ کھیلتے ہوئے پاکستان کی یقینی فتح کو شکست میں تبدیل کر دیا تھا۔

آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے میچ کے بعد کہا کہ پاکستانی ٹیم نےکھیل کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا:’’ہمیں بیٹنگ میں خاصی مایوسی ہوئی ہے۔ عمر گل نے بہت اچھی بولنگ کرائی اور اجمل کو کھیلنا ہمیشہ سے مشکل کام رہا ہے، وہ دونوں جانب گیند سپن کر لیتا ہے۔‘‘

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج منگل کے روز ہونے والے دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں آسٹریلوی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور سیریز برابر کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ اس دورے میں پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر دو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔ پہلے میچ میں فتح کے بعد اس سیریز میں پاکستان ایک صفر سے برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں