1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹورنٹو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ: فیڈرر مرے سے ہار گئے

16 اگست 2010

15 اگست اتوار کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اے ٹی پی ماسٹرز ٹورنامنٹ کے فائنل میں سکاٹ لینڈ کے اینڈی مرے نے اپنے گزشتہ سال کے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو سات پانچ اور سات پانچ سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/OosG
برطانیہ کے ٹینس کھلاڑی اینڈی مرےتصویر: AP

اِس طرح ٹورنٹو کے ماسٹرز ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی وہی کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل تھے، جنہوں نے اس سال آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا۔ تاہم اس بار 23 سالہ مرے نے سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو دو سیٹ کے ایک مقابلے میں ہرا دیا۔

اگرچہ بارش کی وجہ سے میچ بار بار روکا جاتا رہا لیکن اینڈی مرے نے اپنی عمدہ کارکردگی میں خلل نہیں آنے دیا اور دو ہزار نو کی طرح اِس سال بھی یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ساتھ ہی مرے نے تین لاکھ چھیالیس ہزار یورو کا انعام بھی حاصل کیا۔ 1995ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی نے مسلسل دوسرے برس بھی یہ اعزاز جیتا ہو۔ پندرہ سال پہلے یہ اعزاز امریکہ کے آندرے آگاسی کے حصے میں آیا تھا۔

ٹورنٹو میں اپنی فتح کے باوجود اینڈی مرے عالمی درجہ بندی میں بدستور چوتھی پوزیشن پر ہیں جبکہ سابق عالمی نمبر وَن راجر فیڈرر ٹورنٹو ماسٹرز ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی شکست کے باوجود عالمی درجہ بندی میں تیسری سے دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ سربیا کے نوواک ڈیوکووِچ، جو اب تک دوسرے نمبر پر تھے، نئی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلی پوزیشن پر بدستور جمے ہوئے ہیں، سپین کے رافائل نادال، جو ٹورنٹو کے اِس ماسٹرز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل ہی میں ہار گئے تھے۔

Roger Federer
سابق عالمی نمبر وَن راجر فیڈرتصویر: AP

خواتین کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں امریکہ کی سیرینا ولیمز پہلے نمبر پر جا رہی ہیں۔ اُن کے تعاقب میں دوسرے نمبر پر ہیں، ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی جبکہ اب تک دوسرے نمبر پر چلی آ رہی سرب کھلاڑی یلینا یانکووچ اب تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہیں۔

گزرے وِیک اَینڈ پر خواتین کھلاڑیوں کا ٹینس ٹورنامنٹ امریکہ میں سنسناٹی کے مقام پر کھیلا گیا، جو بیلجیئم کی سابقہ عالمی نمبر وَن کھلاڑی کم کلائسٹر نے جیت لیا۔ فائنل میں اُن کا مقابلہ رہا، روس کی ماریا شاراپووا کے ساتھ۔ کلائسٹر نے یہ مقابلہ دو چھ، سات چھ اور چھ دو سے جیت لیا۔ کم کلائسٹر کے کیریئر کی یہ اڑتیس ویں کامیابی تھی، جس کے لئے اُنہوں نے دو لاکھ تہتر ہزار یورو کا انعام بھی جیتا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک