1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹور ڈے فرانس: البرٹو کونٹاڈور کی ریس میں کامیابی

رپورٹ: عاطف بلوچ، ادارت: شامل شمس25 جولائی 2009

ہسپانوی سائیکلسٹ البرٹو کونٹا ڈور نے ٹور ڈی فرانس 2009 ء کا بیسواں مرحلہ طے کرنے کے بعد اس ریس میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وہ اس مرحلے میں چوتھے نمبر پر رہے۔

https://p.dw.com/p/IxPb
ہسپانوی سائکل سوار کونٹاڈور فتح کے بعدتصویر: AP
Radfahrer am Mont Ventoux
تصویر: DW / Weber


کونٹا ڈور نے ہفتہ کے روز اس ریس کے بیسویں مرحلے میں فنشنگ لائن عبور کی تو انہیں اپنے حریف اینڈی شیلک پر چار منٹ اور گیارہ سیکنڈ کی برتری حاصل تھی۔ لکسمبورگ کے تئیس سالہ شیلک نے جمعہ کے روز ہی کہہ دیا تھا کہ اگر کونٹاڈور بیسویں مرحلے کو پار کرنے میں کامیاب ہو گئے تو وہ چمپئین بن جائیں گے اور یہی ہوا۔

اگرچہ ابھی اس ریس کا آخری مرحلہ باقی ہے تاہم یہ آخری مرحلہ زیادہ تر پیرس میں ہی طے ہو گا اور سائیکلسٹس کے لئے اس مرحلے میں کوئی خاص دشواری نہیں ہو گی اس لئے جو سائیکلسٹ اس ریس کا مشکل ترین مرحلہ یعنی بیسویں مرحلے میں اپنی سبقت قائم رکھتا ہے زیادہ تر وہی چمپئین کا اعزاز حاصل کرتا ہے۔

دوسری طرف اس ریس میں سات مرتبہ چمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والے لانس آرمسٹرونگ تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ 37 سالہ آمسٹرونگ اس مرتبہ چار سال بعد اس ریس میں حصہ لے رہے ہیں اورہفتہ کے دن مشکل ترین مرحلے میں انہوں نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ چار جولائی کو شروع ہونی والی ٹور ڈی فرانس ریس 26 جولائی کو پیرس میں ختم ہو گی۔

بیسویں مرحلے کے دوران سائیکل سواروں کو کل ایک سو سڑسٹھ کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ اب آخری منزل جو ڈھلان اور ترائیوں سے ہوتی ہوئی فرانس کے دارالحکومت پیرس تک پہنچے گی، اس میں سائیکل سواروں کو ایک سو چونسٹھ کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگا۔ اس ریس میں تمام اکیس منازل کے دوران سائیکل سواروں کو ساڑھے تین ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوتا ہے۔