1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیم میں تجربے اور جوش کا سنگم ہے: پاکستانی ہاکی کوچ

6 نومبر 2009

پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کوچ شاہد علی خان کے مطابق فرانس میں ٹیم کی بہتر کارکردگی کی سب سے بڑی وجہ کھلاڑیوں کی انتھک کوشش، محنت اور لگن ہے۔

https://p.dw.com/p/KQHn
ذیشان اشرف کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے اب تک زبردست کارکردگی دکھائی ہےتصویر: AP

فرانسیسی شہر لیل میں جاپان کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر پاکستان ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

Pakistan Feldhockey Zeeshan Ashraf
پاکستان ٹیم کے کوچ شاہد علی خان کے مطابق ٹیم میں تجربے اور جوش کا بہترین سنگم ہےتصویر: AP

کوچ شاہد علی خان نے جاپان کے خلاف فتح کے بعد ڈوئچے ویلے اُردو سروس کو بتایا کہ قومی ٹیم میں ’’تجربہ یافتہ اور جوش سے پُر نئے کھلاڑیوں کا بہترین توازن ہے۔‘‘ ’’ہمارے لڑکے پوری فارم میں ہے۔ سہیل عباس واپس فارم میں آگے ہیں اور یہ ہمارے لئے خوش خبری ہے۔ جاپان کے خلاف ہم نے ایشین ہاکی تکنیک کا بھرپور مظاہرہ کیا۔‘‘

فرانس میں جاری ورلڈ کپ کوالیفانئگ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کارکردگی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اس وقت بارہ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ نو پوائنٹس کے ساتھ جاپان دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پولینڈ اور فرانس کے پاس سات سات پوائنٹس ہیں لیکن بہتر گول اوسط کے باعث پولینڈ، فرانس سے آگے ہے۔ روس اور اٹلی نے اپنے چاروں میچ ہارے ہیں جس کے باعث یہ دونوں ٹیمیں اب تک کوئی بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

لیل میں جمعرات، پانچ نومبر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی طرف سے تجربہ یافتہ سہیل عباس اور ریحان بٹ نے بہترین کھیل پیش کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں سہیل عباس کا یہ ساتواں گول تھا۔ جاپان کو ہرانے سے پہلے پاکستان نے اٹلی، روس اور فرانس کو بآسانی شکست دے دی تھی۔

فرانس کے میٹرو پول ہاکی کلب میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اب تک جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے لگتا یہی ہے کہ ٹیم فائنل جیت کر پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کے موڈ میں ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف توقیر