1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس: عالمی رینکنگ اور یُو ایس اوپن

رپورٹ: عابد حسین، ادارت: مقبول ملک4 اگست 2009

ٹینس شائقین اب بڑی شدت اور بے صبری سے امریکی شہر نیو یارک میں کھیلے جانے والے سال رواں کے چوتھے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس ایک وجہ رافائل نادال کی واپسی بھی خیال کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/J35L
ٹینس میں سروس انتہائی اہم تصور کی جاتی ہے۔تصویر: AP

ٹینس کے امسالہ کیلینڈر کے تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ مکمل ہو چکے ہیں۔ اس مہینے میں امریکہ کے مختلف شہروں میں سات بین الاقوامی ٹورنامنٹ شیڈیول ہیں جبکہ دو ٹورنامنٹ کینیڈا کے شہروں مانٹریال اور ٹورانٹو میں کھیلے جائیں گے۔

ان کے مکمل ہونے پر تمام کھلاڑی پھر نیو یارک شہر میں جمع ہو جائیں گے۔ اب تمام ناقدین اور ماہرین کو نیو یارک میں کھیلے جانے والے یو ایس اوپن مقابلوں کا انتظار ہے۔ سیمنٹ کورٹس پر کھیلا جانے والا امریکی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اس ماہ کے 31 تاریخ سے شروع ہو گا۔

US Open Serena Williams
امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمزتصویر: dpa

خواتین میں روس کی دینارا سافینا کی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن برقرار ہے۔ یو ایس اوپن کے ختم ہونے تک ان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ امریکی گرینڈ سلیم کے فائنل کے بعد ہی ٹاپ پوزیشن میں ردو بدل ہو سکتا ہے۔ اگر امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز یا ان کی بہن وینس ولیمز فائنل میں کامیابی حاصل کرتی ہیں تو امکاناً ان میں سے ایک عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر فائز ہو جائے گی، بصورت دیگر دینارا سافینا اگر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لیتی ہیں تو پھر مشکل ہو گا کہ کون عالمی نمبر ایک بنتا ہے۔ سافینا ومبلڈن اور فرنچ اوپن میں کامیابی حاصل نہ کر سکنے کے باوجود عالمی نمبر ایک ہیں اور کافی ہفتوں سے وہ اس پوزیشن پر ہیں۔

Tennis US Open Sieger Roger Federer
راجر فیڈرر، یُو ایس اوپن ٹرافی کے ساتھتصویر: dpa

سیرینا ولیمز کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جاری دی ویسٹ کلاسیک ٹورنامنٹ میں آسٹریلوی خاتون Samantha Stosur سے ہارنا پڑ گیا اور اس وجہ سے بھی اگلی پیر کو جاری ہونے والی عالمی رینکنگ میں ان کے کل پوائنٹس میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ سردست ان کی دوسری پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ان کی بہن وینس کو بھی اسی ویسٹ کلاسیک ٹورنامنٹ میں فرانسیسی کھلاڑی Marion Bartoli کے ہاتھوں شکست اٹھانا پڑی۔ ویسٹ کلاسیک ٹینس ٹورنامنٹ میں سابقہ عالمی نمبر ایک روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا بھی اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ فارم میں آتی جارہی ہیں۔ انہیں کندھے کی اندرونی چوٹ کے باعث گزشتہ سال ٹینس کورٹ سے باہر رہنا پڑ گیا تھا۔ ماریا شاراپووا نے اپنی ہم وطن نادیا پیٹرووا کو جس انداز میں دوسیٹ میں ہرایا، وہ بہت قابل تعریف ہے۔ نادیا پیٹرووا موجودہ عالمی رینکنگ میں دسویں پوزیشن پر ہیں۔ماریا بھی یو ایس اوپن میں سافینا اور ولیمز سسٹرز کے لئے ممکنہ خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

Maria Sharapova
ماریا شاراپوواتصویر: AP

مردوں میں سب سے اہم خبر رافائل نادال کا صحت یاب ہونا ہے۔ اس ماہ کی دس تاریخ سے مانٹریال میں شروع ہونے والے مردوں کے ٹینس ٹورنامنٹ کا سب کو انتظار ہے، جب سابق عالمی نمبر ایک نادال دوبارہ ریکٹ سنبھالے کورٹ میں اتریں گے۔ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے گھٹنوں کے نازک ریشوں کے شدید درد میں مبتلا تھے۔ سرجری اور فزیو تھیراپی کے بعد نادال ابتدائی پریکٹس کے سیشن شروع کر چکے ہیں۔

ان کی مکمل فٹنس مانٹریال ماسٹرز میں شرکت کے بعد ہی پتہ چلے گی۔ ان کی عدم موجودگی میں راجر فیڈرر کو فرنچ اوپن اور ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کرنے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ ومبلڈن میں راجر فیڈرر کا فائنل میں مقابلہ کرنے والے امریکی کھلاڑی اینڈی روڈِک کا کہنا ہے کہ ان کی ساری توجہ اب یو ایس اوپن پر مرکوز ہے۔

مردوں کی موجودہ عالمی رینکنگ میں سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر پہلی پوزیشن پر ہیں اور عالمی نمبر دو سپین کے رافائل نادال ہیں۔ امریکی کھلاڑی اینڈی روڈک بدستور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ برطانیہ کے اینڈی مرے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن کے حامل ہیں۔ سربیا کے ڈژکووچ چو تھے نمبر پر ہیں۔