1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس کی سابقی عالمی نمبر ایک جرمن کھلاڑی سٹیفی گراف کی سالگرہ

رپورٹ عدنان اسحاق / ادارت ندیم گل14 جون 2009

جرمنی سے تعلق رکھنے والی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی اسٹیفی گراف آج اپنی چالیسویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ اس موقع پر لاس ویگاس میں ایک چھوٹی سی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/I9BJ
ٹینس کی معروف جرمن کھلاڑی اسٹیفی گرافتصویر: AP

1980 ء اور90 ء کی دہائی میں ٹینس کورٹ پرحکمرانی کرنے والی اسٹیفی گراف آج چالیس سال کی ہو گئیں۔ اسٹیفی نے پہلی مرتبہ ٹینس ریکٹ تین سال کی عمر میں تھاما تھا۔ اس وقت ان کے ساتھ کھیلنے والے ان کے والد پیٹر گراف تھے۔

اس کے بعد1987 ء میں اسٹیفی گراف نے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ جیت کر پہلی کامیابی حاصل کی اور اس کے صرف دو ماہ بعد ہی وہ ٹینس کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن گئیں۔

1988 ء اسٹیفی کی زندگی کا سب سے کامیاب ترین سال ثابت ہوا۔ اس سال انہوں نے نہ صرف گرینڈ سِلم، میلبورن، پیرس، ومبلڈن اور نیویارک میں ہونے والے ٹورنامنٹ جیتے بلکہ ساتھ ہی اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ بھی حاصل کیا۔ ٹینس کورٹ پر ان کی حکمرانی اسی طرح جاری تھا کہ کھیل کے دوران کئی مرتبہ زخمی ہونے اور مونیکا سیلس جیسی حریف کے بہترین کھیل کی وجہ سے اسٹیفی کی کامیابیوں کا سلسلہ کچھ عرصے کے لئے رک گیا۔ ساتھ ہی1995 ء میں ان کے والد پرٹیکس کے سلسلے میں چلنے والے ایک مقدمے نےبھی ان کے کھیل کو بری طرح متاثر کیا اور اسٹیفی گراف ٹینس کی دنیا سے غائب ہو گئیں۔

Deutschland Sport Tennis Steffi Graf und Andre Agassi
اسٹیفی گراف اور ان کے شوہر اندرے آگاسیتصویر: picture-alliance / dpa


پھر1999 ء میں اسٹیفی گراف نے ایک وقفے کے بعد فرنچ اوپن میں دوبارہ حصہ لیا اور ٹورنامنٹ بھی جیت لیا۔ اپنی اس شاندار واپسی پرانہوں نے کہا کہ ان کےخیال میں یہ ان کے کریئر کی سب سے مشکل ترین کامیابی ہے۔ ان کے لئے ہر جیت معنی رکھتی ہے لیکن اسے وہ اپنے کریئر کی نمبر ایک کامیابی سمجھتی ہیں۔

اگست 1999 میں اسٹیفی گراف نے ٹینس کے کھیل کو ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ دیا۔ انہوں نے اپنے کریئرمیں بہت سے ریکارڈ بنائے۔ انہوں نے 22 مرتبہ گرینڈ سِلم حاصل کیا، 107 مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور377 ہفتوں تک عالمی سطح پرٹینس کی نمبرایک کھلاڑی رہنے کا اعزاز بھی ان کے پاس ہے۔ اسٹیفی گراف اب امریکی شہر لاس ویگاس میں اپنے شوہر اور سابق ٹینس چیمپئن اندرے آگاسی اوردو بچوں کے ساتھ رہتی ہیں۔