1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی وی اورکمپیوٹر گیمز بچوں کے لئے نقصان دہ

13 اکتوبر 2010

ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک دن میں دوگھنٹے یا اس سے زیادہ ٹیلی وژن دیکھنا یا کمپیوٹر گیمز کھیلنا بچوں کی دماغی صحت کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/Pd0S
تصویر: picture-alliance / dpa

برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی کے ماہرین کی طرف سے کی گئی اس تحقیق کے نتائج کے مطابق جو بچے زیادہ تر وقت ٹیلی وژن یا کمپیوٹرکے سامنے گزراتے ہیں، وہ نہ صرف نفسیاتی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کے معمول کے رویوں میں بھی تبدیلی پیدا ہو سکتی ہے۔

معروف جرنل Pediatrics میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق ایسے بچے کتنے بھی متحرک ہوں، وہ غیرمحسوس طریقے سے متاثر ہوتے ہیں۔ اس تحقیق کے دوران دس سے گیارہ برس کی عمر کےایک ہزار بچوں کے تفصیلی انٹرویو کئے گئے، جن میں پچیس سوالوں پر مشتمل ایک نفسیاتی ٹیسٹ بھی شامل تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو بچے دو یا اس سے زیادہ گھنٹے ٹیلی وژن دیکھتے ہیں یا کمپیوٹر گیمز کھیلتے ہیں، اس بات سے قطع نظر کہ وہ کتنے ہی ’متحرک اور سرگرم‘ ہیں، ان کے نفسیاتی مسائل اُن بچوں کے مقابلے میں ساٹھ فیصد زیادہ ہوتے ہیں، جو ٹیلی وژن اور کمپیوٹر کے سامنے کم وقت گزارتے ہیں۔

Drei Jungen schauen Fernsehen
ٹیلی وژن آج کل کے لائف سٹائل کا ایک اہم جزو بن چکا ہےتصویر: dpa

اس تحقیقی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر Angie Page نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو زیادہ دیر تک سکرینوں کے سامنے وقت گزارنے نہ دیں۔

دوسری طرف اس تحقیق پر اعتراض کرنے والے کچھ ماہرین کا کہنا ہے، چونکہ اس تحقیق کے دوران سوالنامے بچوں نے اپنی ہی صوابدید پر بھرے ہیں، اس لئے ان کا مستند ہونا کوئی ضروری نہیں ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بچوں کو زیادہ دیر تک ٹیلی وژن یا کمپیوٹر کے آگے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ اسی موضوع پر کی گئی گزشتہ تحقیق میں یہ بات مشترک رہی ہے کہ سکرینوں کے سامنے زیادہ وقت بسر کرنے کے نتیجے میں بچوں میں دماغی عارضے پیدا ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی