1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی کا دنگل شروع

عدنان اسحاق15 مارچ 2016

آج سے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت میزبان ہونے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کا فیورٹ بھی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IDQ5
تصویر: Reuters/UNI

آج ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ میں پہلا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔ بھارت نے گزشتہ گیارہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے دس میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بھارت کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کہنا ہے،’’انڈیا کے پاس باصلاحیت اور طاقتور کھلاڑی موجود ہیں اور میرے خیال میں کوئی بھی ٹیم اتنی فیورٹ اور ٹورنامنٹ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ۔‘‘

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے بارے میں بھی انتہائی مثبت اندازے لگائے گئے ہیں کیونکہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کھیلے جانے والے گزشتہ پانچ میں سے چار میچوں میں نیوزی لینڈ سے ہار چکا ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق نیوزی لینڈ کے ٹیم انتہائی متوازن ہے اور ہر شعبے میں یہ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے دوران کل دس ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ گروپ بی میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ سولہ تاریخ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت انیس تاریخ کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔

بھارت، پاکستان، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا ایک ایک مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہا ہے۔ اس مرتبہ کا فائنل تین اپریل کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔