1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پارلیمانی انتخابات: اصلاحات پسند ایرانیوں کے الزامات

گوہر نذیر13 مارچ 2008

ایران میں نئی پارلیمان کے لئے چودہ مارچ یعنی جمعہ کے روز انتخابات منعقد ہورہے ہیں جن میں تقریباً چالیس ملین سے زائد ایرانی رائے دہندگان اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔

https://p.dw.com/p/DYDr
تصویر: AP

قدامت پسند ایرانی سیاسی اور مذہبی راہنماﺅں نے لوگوںسے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصّہ لینے کی پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ووٹنگ کے ذریعے مغربی ممالک کو ایک سخت پیغام دیں۔

ملکی صدر محمود احمدی نژاد نے امید ظاہر کی ہے کہ ایرانی لوگوں کی غالب اکثریت رائے دہی کے حق کا استعمال کرکے مغرب پر واضح کردیں گے کہ ان کی پابندیوں سے ایرانی عوام خوفزدہ نہیں ہے۔

دوسری طرف ایران کے بعض اصلاحات پسند حلقوں نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے سینکڑوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی نامعلوم وجوہات کی بناءپر مسترد کردئے گئے ہیں۔ایران میں اصلاحات پسند قوتوں کو مغربی ممالک کا حامی تصور کیا جاتا ہے۔

اصلاحات پسندوں کی رائے میں نئی پارلیمان کے وجود میں آنے سے ملکی سیاسی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوگی۔نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی ملک کی موجودہ صورتحال سے مایوس نظر آتی ہے۔

ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے ایک معروف قدامت پسند ممبر پارلیمان پر یہ کہہ کر غداری اور وطن سے بغاوت کا الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے وائس آف امریکہ کی فارسی سروس کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اصلاحات پسند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی نامنظور کئے جانے کے فیصلے کی شدید مخالفت کی۔انٹرویو دینے والے ممبر پارلیمان نورالدین پیر موذن کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردئے گئے ہیں۔