1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاسپورٹ کی سیاست: سابق چیمپئن امریکی باکسر اب روسی شہری

مقبول ملک12 ستمبر 2015

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سابق عالمی چیمپئن اور امریکا کے مشہور باکسر رائے جونز جونیئر کو روسی شہریت دے دی ہے، جنہوں نے پوٹن کے ساتھ ایک ملاقات میں درخواست کی تھی کہ انہیں روسی پاسپورٹ جاری کیا جائے۔

https://p.dw.com/p/1GVay
اگست میں رائے جونز جونیئر کی روسی صدر پوٹن کے ساتھ ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویرتصویر: Reuters/A. Nikolskyi

ماسکو سے ہفتہ بارہ ستمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق رائے جونز جونیئر نے اپنے لیے روسی شہریت کی درخواست صدر پوٹن کے ساتھ اپنی اس ملاقات میں کی تھی، جس میں دونوں نے مل کر چائے پی تھی اور جو یوکرائن کے اس سابق جزیرہ نما کریمیا میں ہوئی تھی، جسے روس اپنے ریاستی علاقے میں شامل کر چکا ہے۔ یہ ملاقات گزشتہ مہینے اگست میں کریمیا کے شہر سیواستوپول میں ہوئی تھی۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ کریملن نے آج ہفتے کے روز ولادیمیر پوٹن کا وہ صدارتی حکم باقاعدہ طور پر جاری کر دیا، جس میں رائے جونز جونیئر کو روسی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

چھیالیس سالہ رائے جونز جونیئر ماضی میں چار مختلف جسمانی کیٹیگریز میں باکسنگ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں لیکن اب وہ اپنا پیشہ بدل کر موسیقی اور اداکاری کے شعبے اپنا چکے ہیں۔

کریملن کے مطابق رائے جونز جونیئر نے اگست میں صدر پوٹن کو بتایا تھا کہ وہ روس سے محبت کرتے ہیں اور روسی شہریت ملنے کے بعد ان کے لیے باقاعدگی سے روس کے دورے کرنا آسان ہو جائے گا۔ اس پر ولادیمیر پوٹن نے کہا تھا کہ اگر رائے جونز جونیئر اپنی زندگی اور مصروفیات کے ایک بڑے حصے کو روس میں اپنی سرگرمیوں سے جوڑنا چاہتے ہیں، تو انہیں جونز کی خواہش پوری کر کے خوشی ہو گی۔

Russland Frankreich Gerard Depardieu mit seinem neuen Reisepass
فرانسیسی اداکار جیرار دے پاردیئو 2013ء میں ماسکو کے نواح میں ہونے والی ایک تقریب میں اپنے روسی پاسپورٹ کے ساتھتصویر: Reuters

باکسنگ کے کھیل کے معروف روسی پروموٹر ولادیمیر خرائیُونوف نے، جو روس میں جونز کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، کہا ہے کہ رائے جونز جونیئر نے روسی شہریت تو حاصل کر لی ہے لیکن وہ اپنی امریکی شہریت ترک نہیں کریں گے۔

ماسکو حکومت اس سے پہلے بھی میڈیا میں شہ سرخیوں کی وجہ بننے والے کئی سرکردہ مغربی شہریوں کو روسی شہریت دے چکی ہے، جن میں مشہور زمانہ فرانسیسی اداکار جیرار دے پاردیئو Gerard Depardieu بھی شامل ہیں۔ اس فرانسیسی اداکار کو 2013ء میں روسی پاسپورٹ اس وقت دیا گیا تھا جب انہوں نے فرانسیسی ٹیکس قوانین کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید