1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاناما فیصلہ: کیا میاں صاحب کے لیے آنے والا وقت اچھا ہے؟

عبدالستار، اسلام آباد
20 اپریل 2017

سپریم کورٹ کے فیصلے پر نون لیگ کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے لیکن سیاسی تجزیہ نگاروں کے خیال میں اس فیصلے نے میاں نوازشریف کے لیے بہت ساری مشکلات کھڑی کردی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2bbMs
Pakistan Oberster Gerichtshof in Islamabad
تصویر: Reuters/C. Firouz

اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے معروف تجزیہ نگار میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’نواز شریف نے مزید ساٹھ دن کے لیے سیاسی رسوائی خرید لی ہے۔ یہ ن لیگ کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے کہ کمیشن کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کے علاوہ ایک اورمحترم جج نے میاں صاحب کی نا اہلی کے لیے لکھا ہے۔ نون لیگ والے اس بات پر خوش ہیں کہ بقیہ تین ججوں نے ایسا نہیں کیا۔ تو میرے خیال میں وہ ججز صرف حجت پوری کرنا چاہتے ہیں اور ان کو موقع نہیں دینا چاہتے کہ یہ سیاسی شہید بن جائیں۔ اب ان کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑے گا اور یاد رہے کہ جے آئی ٹی ملزمان کے لیے بنتی ہے۔‘‘

Pakistan Unterstüzer Nawaz Sharifs vor Oberster Gerichtshof in Islamabad
تصویر: Reuters/F. Mahmood

انہوں نے مزید کہا کہ جی آئی ٹی میں ملڑی انٹیلیجنس کی طرف سے ایک بریگیڈیئر لیول کا افسر جب کہ آئی ایس آئی کی طرف سے ایک میجر جنرل لیول کا افسر ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں منی لانڈرنگ کے مسئلے کے حوالے سے بھی ماہر شامل کیے جاتے ہیں،’’اب میاں صاحب کو بہت سارے سوالوں کے جوابات دینے پڑیں گے۔ اگر منی ٹریل ان کے پاس ہوتا تو کیا یہ پہلے پیش نہیں کر دیتے۔ ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں۔ تو عدالت نے ان کا منہ بند کرنے کے لیے یہ جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا ہے تاکہ یہ رونا دھونا نہ کریں۔ میرے خیال میں اب یہ بات واضح ہے کہ ان ساٹھ دنوں میں میڈیا کا دباؤ بھی میاں صاحب پر پڑے گا اور سیاسی دباؤ بھی ان پر برقرار رہے گا۔ لہذا آنے والے دنوں میں انکی مشکلات میں اس فیصلے کی وجہ سے مزید مسائل ہوں گے۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’اس ٹیم میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے لوگ اور دوسرے ماہرین ہوں گے۔ حکومت کے لیے یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ ان افسران پر دباؤ ڈال سکے یا ان کو خرید سکے۔ یہ ٹیم ساری معلومات منگوا سکتی ہے اور ان کے بینک ریکارڈ بھی چیک کر سکتی ہے۔ میرے خیال میں میڈیا اور عوام اس ٹیم پر گہری نظر رکھیں گے۔‘‘

Pakistan Oppositionsführer Imran Khan vor Oberster Gerichtshof in Islamabad
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B.K. Bangash

معروف تجزیہ نگار ڈاکڑ توصیف احمد خان نے کہا، ’’یہ جے آئی ٹی فوج کے دباؤ میں آسکتی ہے جس کا یقیناً نقصان میاں صاحب کو ہو سکتا ہے۔ اگر فوج نے ان کے سائڈ لائن کرنا چاہا تو اب اس فیصلے کے بعد ان کے لیے یہ آسان ہوجائے گا۔ تو میرے خیال میں تو یہ فیصلہ میاں صاحب کے لیے اچھا نہیں ہے۔‘‘
تجزیہ نگار ڈاکڑ خالد جاوید جان کے بقول، ’’اگر نواز شریف کو ہٹایا جاتا ہے تو اس سے ملک میں اسٹیبلشمنٹ مضبوط ہو گی جو یقیناًسیاسی عمل کے لیے بہتر نہیں ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ میاں صاحب نے کب جمہوری کلچر کو فروغ دیا۔ نوے کی دہائی میں انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر پی پی پی کے لیے حالات مشکل بنا دیے تھے۔ ان کی سوچ بہت آمرانہ ہے کیونکہ ان کا تعلق بھی جنرل ضیاء کے سیاسی قبیلے سے ہی ہے۔ اب انہیں بھگتنا پڑے گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ نون لیگ اب بہت مشکل میں ہے۔’’یہ ممکن ہے کہ میاں صاحب اسمبلی توڑ دیں یا پھر کچھ عرصے کے لیے مستعفی ہوجائیں۔ بہت کم امکان ہے کہ وہ اپنا دفاع کریں کیونکہ ان کے لیے یہ بہت ہی مشکل کام ہے کہ وہ چند افسران کے سامنے جوابات دیں، جس میں فوج کے لوگ بھی ہوں گے۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’بھٹو کے کیس میں کم از کم تین ججوں نے انہیں بے گناہ قرار دیا تھا۔ یہاں ججز ان کو بے گنا ہ قرار نہیں دے رہے بلکہ میاں صاحب کے لیے سارے دروازے بند کر رہے ہیں۔ اس ٹیم کی انکوائری کے بعد میاں صاحب کے لیے کچھ نہیں رہ جائے گا کیونکہ یہ بات تو واضح ہے کہ ان کے پاس منی ٹریل اور لندن فلیٹ کی ملکیت کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ رہا سوال قطری خط کا تو وہ عدالت پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔ تو آنے والے دنوں میں نون لیگ کے لیے کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔‘‘
 

Pakistan Polizisten vor Oberster Gerichtshof in Islamabad
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Naveed