1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'پاپ اسٹار ریہینا کو انصاف مل گیا'

26 اگست 2009

امریکی گلوکار کرِس براؤن کو پاپ اسٹار Rihanna پر تشدد کے جرم میں سزا سنا دی گئی ہے۔ لاس اینجلس کی عدالت نے یہ فیصلہ بھی سنایا ہے کہ براؤن کو آئندہ پانچ سال تک ریہینا سے سو گز کے فاصلے پر رہنا ہوگا۔

https://p.dw.com/p/JIPj
تصویر: AP

جج پیٹریشیا شنیگ نے براؤن کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ سال تک ریہینا سے سو گز کی دُوری پر رہے ۔ تاہم انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے کسی ایسے پروگرام کے موقع پر، جس میں وہ دونوں ہی شریک ہوں، یہ فاصلہ ایک سو کے بجائے دس گز ہوگا۔

Chris Brown
امریکی گلوکار کرس براؤنتصویر: AP

بیس سالہ براؤن نے رواں برس فروری میں اپنی سابق گرل فرینڈ ریہینا کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ وہ ایک کار میں سوار تھے جب ان کے درمیان تکرار شروع ہوئی۔ براؤن نے اپنی اکیس سالہ گرل فرینڈ کو زبردستی کار سے اتارنا چاہا۔ اس نے خاتون گلوکارہ کا سر شیشے سے دے مارا اور اس کے چہرے پر مُکّے رسید کئے جس سے وہ زخمی ہو گئی۔

دونوں کے درمیان یہ جھگڑا لاس اینجلس میں گرامی ایوارڈز کی تقریب سے قبل ہوا جس کے بعد دونوں گلوکاروں نے اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

براؤن پر یہ الزامات بائیس جون کے سماعت میں ہی ثابت ہو گئے تھے اور اس کے خلاف فیصلہ دراصل گزشتہ ماہ سنایا جانا تھا۔ تاہم لاس اینجلس کی جج پیٹریشیا شنیگ نے اس بات کی یقین دہانی کرنے کے لئے عدالتی حکام کو وقت دیا کہ براؤن کی سزا کمیونٹی ورک میں مشقت طلب کام ہوگی جس میں سڑکوں کی صفائی، کچرہ اٹھانا اور ایسے ہی دیگر کام شامل ہیں۔ وہ چھ ماہ تک یہ سزا ریاست ورجینیا میں پوری کرے گا جہاں اس کی رہائش بھی ہے۔

Sängerin Rihanna
پاپ اسٹار ریہیناتصویر: AP

عدالت نے منگل کو یہ فیصلہ بھی سنایا کہ براؤن گھریلو تشدد کے موضوع پر ایک سال پر مبنی ایک کورس میں بھی شریک ہوگا۔ براؤن پر ڈھائی ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

جج نے یہ کہا کہ ان سزاؤں کے ضوابط کی خلاف ورزی پر براؤن سلاخوں کے پیچھے جا سکتا ہے۔

عدالت نے اسے انیس نومبر کو دوبارہ حاضر ہونے کا حکم جاری کیا تاکہ اس عرصے میں سزاؤں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جاسکے۔

براؤن نے ریہینا پر تشدد کا جرم قبول کرتے ہوئے گزشتہ ماہ باقاعدہ معذرت بھی طلب کی۔ اس نے اس واقعے کو 'سو فیصد ناقابل قبول' قرار دیا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ