1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی بلاگرز توہین مذہب کے الزام سے بری ہوگئے

عابد حسین
22 دسمبر 2017

ایک پاکستانی عدالت نے رواں برس گرفتار ہونے والے پانچ بلاگرزکو ان پرعائد توہین مذہب کے الزامات سے بری کر دیا ہے۔ ان کی گرفتاری پر عالمی سطح پر ہلچل پیدا ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2pqZN
vermisste Menschenrechtsaktivisten Pakistan

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود کے لیے قائم ہائی کورٹ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ انہیں تفتیش کے بعد ایسا کوئی مواد نہیں ملا جس کی بنیاد پر کہا جا سکے کہ یہ بلاگرز توہین مذہب کے مرتکب ہوئے تھے۔

ایک مقامی وکیل طارق اسد نے بلاگرز کے خلاف عائد الزامات کے حوالے سے اپیل دائرکر رکھی تھی۔ وکیل طارق اسد نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ عدالت نے ان الزامات کا خاتمہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی معصوم شخص کو توہین مذہب کے نام پر جھوٹے مقدمات میں پھنسایا نہیں جا سکتا۔

 لاپتہ بلاگر عاصم سعید بازیابی کے بعد بیرون ملک روانہ

اس فیصلے کے بعد ہالینڈ میں مقیم بلاگر وقاص گوریا کا کہنا ہے کہ اب عدالت کو اس تناظر میں تفتیشی عمل شروع کرنا چاہیے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے مسلسل اُن کے خلاف جھوٹ اور غلط معلومات کو کیوں نشر کیا تھا۔ احمد وقاص گوریا بھی اُن پانچ بلاگرز میں شامل تھے جنہیں حراست میں لیا گیا تھا۔

Pakistan Demo vermisste Blogger
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

ان پانچ میں سے چار کو عوامی دباؤ کے تناظر میں جلد رہا کر دیا گیا تھا۔ ان چاروں نے بتایا تھا کہ انہیں مارپیٹ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بظاہر کسی گروپ نے ان کے اغوا کی ذمہ داری تو قبول نہیں کی تھی لیکن پاکستانی حکومت اور فوج نے ایسے الزامات کی تردید کی تھی کہ یہ بلاگرز اُن کے قبضے میں تھے۔