1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی تحقیقات کے منتظر ہیں:بھارت

افتخار گیلانی،نئی دہلی31 جنوری 2009

بھلرتی وزیر داخلہ پی چدمبرم کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک کے ساتھ حالیہ ملاقات صرف رسمی تھی ۔

https://p.dw.com/p/GkhF
پاکستان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ بھارت کو تحقیقاتی رپورٹ کے نتائج سے آگاہ کرے گاتصویر: AP

پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک کی بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم سے جمعہ کی شب کو ہونے والی ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ شاید پاکستان نے اپنی ابتدائی تحقیق بھارت کے حوالے کر دی ہے۔ تاہم بھارتی وزیر داخلہ چدمبرم نےکہا کہ پاکستان نے پچھلے سال ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے متعلق اپنی تفتیش سے بھارت کو آگاہ نہیں کیا ہے۔

Mumbai Schießerei
ممبئی حملوں کے بعد پاک بھارت تعلقات میں تناؤ آگیا ہےتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے نہ تو ابھی تک سرکاری طور پر کوئی اطلاع دی ہے اور نہ ہی کوئی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ شاہد ملک کے ساتھ جمعہ کو ہونے والی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایک رسمی ملاقات تھی۔ شاہد ملک نے بھارت کی یوم جمہوریہ تقریبات کے دوران چدمبرم سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور ان سے ملنے آئے تھے لیکن یہ صرف ایک رسمی ملاقات تھی اور اس میں ممبئی حملوں کے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’ حالانکہ پاکستان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ بھارت کو رپورٹ دیں گے لیکن رپورٹ ہمیں کب تک ملے گی یہ نہیں معلوم۔‘‘ بھارتی وزیر داخلہ نے تاہم اس بات پر قدرے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان کے موقف میں اتنی تبدیلی آئی ہے کہ اس نے ممبئی حملوں کے سلسلے میں تفتیش شروع کردی ہے جب کہ پہلے وہ اس الزام کی پوری طرح تردید کررہا تھا ۔”یہ ایک اہم پیش رفت ہے ۔ا س نے ایف آئی اے بھی قائم کردیا ہے البتہ بھارت کو تفتیش کی تفصیلات اور اسلام آباد کو دئے گئے ڈوزیر کے جواب کا انتظار ہے۔‘‘

Konflikt Indien Pakistan
بھارت نے داخلی سلامتی ڈویژن اور پولیس ڈویژن کو مضبوط کیا گیا ہے

بھارتی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بھارت نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے نئے نئے خطرات اور ان سے موثر اور فوری طور پر نمٹنے کے لئے جو مقاصد طے کئے ہیں ان کے حصول کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔بارڈر سیکورٹی فورس کی 29 نئی بٹالینیں بنائی جارہی ہیں جب کہ 200 کروڑ روپے کی لاگت والے جدید ترین ساز و سامان کی خریداری کے لئے ایک عالمی ٹنڈر جاری کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انتظامی سطح پر بھی کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ داخلی سلامتی ڈویژن اور پولیس ڈویژن کو مضبوط کیا گیا ہے اور ان دونوں محکموں میں اب دو جوائنٹ سکریٹری ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے حکومت نے جس ملٹی ایجنسی سینٹر کے قیام کا اعلان کیا تھا اس نے اب کام کرنا شروع کردیا ہے اور تمام ایجنسیوں نے ملٹی ایجنسی سینٹر کے لئے اپنے نمائندے نامزد کردئے ہیں ۔ جب کہ مرکزی ملٹی ایجنسی سنےٹر، ریاستی ملٹی ایجنسی سینٹروں اور پولیس میں اسپیشل برانچوں کو مربوط کرنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔


بھارتی وزیر داخلہ نے بتایا کہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے بھارت پاکستان اور بھارت بنگلہ دیش سرحدوں پر خاردار تار لگانے ، فلڈ لائٹ لگانے اور سڑکیں تیار کرنے کے سلسلے میں ایک اعلی اختیاری کمیٹی نے تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں خاردار تار لگانے کا کام پہلے سے چل رہا ہے جو 2010ء تک مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ساحلی اضلاع میں تمام شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے جائیں گے اور یہ کام بھی 2010 تک مکمل کرلیاجائےگا۔