1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی تعلیمی ادارے جزوی طور پر کھل گئے

26 اکتوبر 2009

پیر کے روز پاکستان میں تعلیمی اداروں کو جزوی طور پرکھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ یہ تعلیمی ادارے طالبان عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر بند کئے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/KFTW
تصویر: AP

پاکستانی وزارت تعلیم کے ترجمان عتیق الرحمان کے مطابق وفاق کے زیرانتظام چلنے والے تمام 417 اسکول پیر کے روز سے دوبارہ کھول دئے گئے ہیں۔ عتیق الرحمان کے بقول پنجاب اور سندھ بھر میں بھی تعلیمی ادارے اپنا کام دوبارہ شروع کر چکے ہیں تاہم صوبہ سرحد میں اسکول، کالج اور جامعات دو نومبر سے اپنا کام دوبارہ شروع کریں گے۔ وزارت تعلیم کے ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں جملہ تعلیمی ادارے مزید تین روز تک بند رہیں گے۔

گزشتہ اتوار کو ملکی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی یونیورسٹی میں ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں کے بعد ملک بھر کے تعلیمی ادارے وقتی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوسری جانب نجی تعلیمی اداروں کی ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری گلفام نے وفاقی دارالحکومت اسلا م آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو کافی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث پرائیویٹ اسکول فی الحال بند رہیں گے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک