1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، ہالبروک

22 اپریل 2010

پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی مندوب رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ امریکہ اقتصادی ترقی کے لئے امداد دے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ نئے عسکری آلات پاکستان کو فراہم کر دیے جائیں۔

https://p.dw.com/p/N2XJ
پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی مندوب رچرڈ ہالبروکتصویر: AP
USA Außenministerin Hillary Rodham Clinton in Washington
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

بدھ کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا، ’پاکستان کو اقتصادی بحران، توانائی اور پانی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ہمارا تعاون درکار ہے اور امریکہ ان ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی جانب سے منظور کردہ ساڑھے سات ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کے تحت رقم پاکستان پہنچنا شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے مقابلے میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ ایک اہم پیش رفت تھی، جس کا مقصد باہمی مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم بنانا تھا۔

یہ مذاکرات واشنگٹن میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں ہوئے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بھی واشنگٹن اور اسلام آباد کے خصوصی اجلاس کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے انہیں دونوں ملکوں کے تعلقات کے لئے ایک نئے دن کا آغاز قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ماضی میں غلط فہمیاں اور نااتفاقیاں رہی ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے حالات پیش آ سکتے ہیں، جن پر اتفاق رائے نہ ہو سکے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ یہ سب دوستوں اور رشتہ داروں کے درمیان بھی ہوتا ہے۔

Pakistan Landschaft in Waziristan Luftaufnahme
پاکستان کے قبائلی علاقے وزیرستان کا فضائی منظرتصویر: Abdul Sabooh

رچرڈ ہالبروک نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو اتحادی افواج پر حملے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجود انتہاپسندوں کے ٹھکانوں سے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جس انتہاپسندی کا سامنا ہے، وہ اسلام آباد اور واشنگٹن دونوں ہی کے لئے خطرہ ہے۔

پاکستان سرد جنگ کے زمانے سے امریکہ کا اتحادی ہے اور دونوں نے 1989ء میں افغانستان سے روسی فوجیوں کو نکالنے کے لئے اسلامی انتہاپسندوں کی مدد کی۔ بعدازاں امریکہ نے ستمبر 2001ء میں نیویارک پر دہشت گردانہ حملوں تک پاکستان سے دُوری بنائے رکھی۔ تاہم اب ایک مرتبہ پھر اسلام آباد حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا ساتھ دے رہی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں