1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور بھارت جنگ سے اجتناب کریں: پاکستان کی انسانی حقوق کی تنظیموں کا مطالبہ

تنویر شہزاد، لاہور4 جنوری 2009

پاکستان کمشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن عاصمہ جہانگیر نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کو جنگ سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GRPI
ممبئی دہشت گرد حملوں کا ملزم اجمل قصّاب بھارتی اور پاکستانی میڈیا کا پسندیدہ ترین موضوع بن کر ابھرا ہےتصویر: AP

ہفتے کے روز سول سوسائٹی کی ایک درجن کے قریب تنظیموں کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعاصمہ جہانگیر نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ جنگ کے بجائے سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔

indische Grenzsoldaten
پاکستان کی سول سوسائٹی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت جنگی جنون پیدا نہ کریں اور پاکستان ’سیلف ڈینائل‘ یا خود نفی کی پالیسی ترک کرےتصویر: AP


عاصمہ جہانگیر نے ممبئی حملوں کے بعد بھارتی اور پاکستانی میڈیا کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زرائع ابلاغ غیر جانب داری کے ساتھ صورتِ حال پیش کریں اور جنگی جنون یا ’وار ہسٹیریا‘ پیدا کرنے سے اجتناب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کی حکومتیں جامع مذاکرات کی طرف واپس آئیں کیوں کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہیں۔ ان کے مطابق جنگ کی صورت میں دہشت گرد اپنے مقاصد پورے کرلیں گے۔

Manmohan Singh
بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے پاکستان سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممبئی حملوں میں ملوّث افراد کو پاکستان کے حوالے کرےتصویر: AP Photo


عاصمہ جہانگیر نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ماضی کی پالیسیوں کو فوری طور پر ترک کریں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک نیا لائحہ عمل طے کریں۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چیئر پرسن عاصمہ جہانگیر نے پاکستان اور بھارت کے عوام سے اپیل کی کہ وہ خاموش تماشائی بنے رہنے کے بجائے جنگ کے خلاف آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سول سوسائٹی کی تنظیمیں صرف اس پریس کانفرنس پر اکتفا نہیں کریں گی بلکہ پورے ملک میں عوام کو متحرک کرنے کے لیے کارنر میٹنگز اور ریلیاں منعقد کریں گی۔

پریس کانفرنس کے شرکاء نے ممبئی حملوں میں جاں بہ حق ہونے والوں کے لیے دعا بھی کی اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

دریں اثناء بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے پاکستان سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممبئی حملوں میں ملوّث افراد کو پاکستان کے حوالے کرے تاکہ بھارت میں ان پر مقدمہ چلایا جا سکے۔