1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور سری لنکا کے مابین شارجہ ٹیسٹ میں مقابلہ سخت

6 نومبر 2011

شارجہ کے میدان پر جاری آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستانی بلے باز سری لنکا کی پہلی اننگز کے 413 رنز کے جواب 340 رنز بناسکے۔ سری لنکا کو 237 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔

https://p.dw.com/p/135xh
تصویر: AP

پاکستان پر 73 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 164 رنز بنا لیے ہیں۔ ان کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہیں۔ ان کے افتتاحی بلے باز تلکارتنے دلشان پہلے ہی اوور میں عمر گل کا نشانہ بنے۔ پہلی اننگز میں سینچری اسکور کرنے والے سنگاکارا دوسری اننگز میں بھی فارم میں رہے۔ انہوں نے دوسری وکٹ کے لیے پارانا وتانا کے ساتھ 75 رنز کی شراکت قائم کی اور 51 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار ہوئے۔

سری لنکا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیا وردھنے تھے جو 127 کے مجموعی اور 20 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہیں عمر گل نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ بعد میں آف اسپنر سعید اجمل نے بھی سری لنکا کے دو مڈل آرڈر بلے بازوں کو آؤٹ کرکے میچ میں جان ڈال دی۔

اس سے قبل اتوار کو کھیل کے چوتھے روز جب پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کپتان مصباح الحق 50 اور آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عبد الرحمان تین کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اُس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 282 تھا۔ مڈل آرڈر بلے باز مصباح الحق نے محتاط انداز اپنائے رکھا اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو بہتر کرنے کی جستجو میں لگے رہے مگر دوسری طرف کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ عبد الرحمان اسکور میں اضافہ کیے بغیر ہی سری لنکن تیز گیند باز والیگیدارا کا شکار ہوگئے۔ عمر گل 5، جنید خان بغیر کوئی رنز بنائے اور سعید اجمل 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مصباح اور اجمل کے مابین نویں وکٹ کے لیے 47 قیمتیں رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

Younis Khan Cricketspieler
پاکستان کی پہلی اننگز کے ہیرو یونس خانتصویر: AP

مصباح الحق سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بناکے سینچری سے محروم رہے۔ سری لنکا کی جانب سے والیگیدارا نے 87 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی پہلی اننگز کی خاص بات تجربہ کار بلے باز یونس خان کی سینچری رہی۔ انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے اظہر علی کے ہمراہ سینچری شراکت قائم کی۔ یونس خان نے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔ پاکستان کے تیسرے سر فہرست بلے باز اظہر علی رہے، جنہوں نےچھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔

شارجہ میں کھیلا جارہا یہ میچ پاکستان کی ہوم سیریز کا حصہ ہے جو پاکستان میں سلامتی کی خستہ صورتحال کے سبب متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ہے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں پاکستان کو ایک ٹیسٹ میچ کی برتری حاصل ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں