1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان، ترکی اور افغانستان کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں پر اتفاق

25 دسمبر 2010

پاکستان، افغانستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں پر اتفاق ہو گیا ہے، جو آئندہ برس شروع ہوں گی۔ تینوں ممالک کے رہنماؤں نے جمعہ کو استنبول میں ملاقات کی، جس میں یہ مفاہمت سامنے آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/zpOE
آصف زرداری، عبداللہ گُل اور حامد کرزئیتصویر: AP

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے ترکی کی ثالثی میں مذاکرات کا یہ دور ترکی کے شہر استنبول میں ہوا، جس میں پاکستان کے صدر آصف زرداری اور ان کے افغان ہم منصب حامد کرزئی نے شرکت کی۔ ترک صدر عبداللہ گُل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Asif Ali Zardari Präsident Pakistan
پاکستان کے صدر آصف زرداریتصویر: AP

سہ فریقی مذاکرات کے بعد عبداللہ گُل نے ٹیلی ویژن پر نشر کئے جانے والے اپنے ایک بیان میں کہا، ’ہماری مسلح افواج اب تک جو کام کر چکی ہیں، اس کے نتیجے میں مشترکہ مشقیں آئندہ برس اپریل میں ہوں گی‘۔

ترک صدر نے اپنے بیان میں ان فوجی مشقوں کی تفصیل نہیں بتائی، تاہم استنبول مذاکرات کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ مشقیں آئندہ برس 19 سے 27 اپریل تک ترکی میں ہوں گی۔

عبداللہ گُل نے کہا کہ استنبول مذاکرات کے دوران تینوں ممالک کے وزرائے داخلہ اور خارجہ کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس اور عسکری حکام نے بھی علیٰحدہ علیٰحدہ مذاکرات کئے۔ انہوں نے کہا، ’ہم اس اہم پیش رفت پر بہت خوش ہیں‘۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا، ’ہم کامیاب مشقوں کے منتظر ہیں، جو قریبی تعاون کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کریں گی‘۔

استنبول میں صحافیوں سے بات چیت میں افغان صدر حامد کرزئی نے تجویز پیش کی کہ افغانستان میں مصالحتی کوششوں کی کامیابی کے لئے طالبان کو ترکی یا کسی دوسرے غیر جانبدار ملک میں اپنا دفتر قائم کرنا چاہئے۔

تینوں ممالک کے درمیان 2007ء سے اب تک مذاکرات کا یہ پانچواں دَور تھا۔ اس وقت انقرہ حکومت نے اسلامی شدت پسندوں کے خلاف کابل اور اسلام آباد کا تعاون بڑھانے کے لئے یہ نشست منعقد کرائی تھی۔

اسلام آباد اور کابل حکومتوں کو باہمی تعلقات کے حوالے سے ایک دوسرے پر تحفظات رہے ہیں، تاہم ان تعلقات میں حالیہ کچھ مہینوں میں بہتری آئی ہے۔

Karte Pakistan mit Waziristan
امریکہ افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے کو زمین پر خطرناک ترین خطہ قرار دیتا ہے

افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقوں کو سرحد پار نیٹو افواج کے ساتھ لڑائی کرنے والے طالبان انتہاپسندوں کا گڑھ قرار دیا جاتا ہے جبکہ افغان اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہاں ان شدت پسندوں کو پاکستان کی جانب سے کسی حد تک تحفظ حاصل ہے۔

دوسری جانب پاکستان اس الزام کو ردّ کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ2002ء سے انتہاپسندوں کے ساتھ لڑائی میں اس کے 2,240 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ترکی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی رکنیت رکھنے والا واحد مسلم اکثریتی ملک ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں