1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: دو مسافر بسوں میں تصادم، کم از کم تیس افراد ہلاک

مقبول ملک
17 اکتوبر 2016

پاکستان کے ضلع رحیم یار خان میں دو مسافر بسوں کے تصادم میں کم از کم تیس افراد ہلاک اور پچاس کے قریب زخمی ہو گئے۔ پیر سترہ اکتوبر کو پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں کم از کم پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2RIDT
Pakistan Multan Zugunglück Rettungskräfte mit Opfer
تصویر: ReutersK. Chaudry

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق مخالف سمتو‌ں سے آنے والی اور مسافروں سے بھری ہوئی ان بسوں کے مابین یہ براہ راست تصادم ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے وسطی صوبے پنجاب کے جنوب میں ضلع رحیم یار خان میں پیش آیا۔

ایک مقامی پولیس اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ اس حادثے میں 45 اور 50 کے درمیان افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ایک قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ایک دوسرے پولیس افسر محمد آصف کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر اپنی امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور درجنوں زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے مقامی حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ ہلاکت خیز تصادم پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق چھ بجے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سے قریب 600 کلومیٹر جنوب کی طرف واقع ضلع رحیم یار خان میں اسی نام کے شہر کے قریب پیش آیا۔

رحیم یار خان شہر کے ایک پولیس افسر حسن اقبال نے روئٹرز کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق حادثے کے ایک گھنٹے بعد تک ہلاکتوں کی تعداد 30 سے تجاوز کر چکی تھی۔

Pakistan Alkoholvergiftungen in Hyderabad
تصویر: Getty Images/AFP/Y. Nagori

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان دونوں بسوں میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے اور ان کے درمیان تصادم خان پور کے قصبے میں ہوا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں بسیں آپس میں ٹکرانے کے بعد سڑک کے کنارے درختون سے جا ٹکرائی تھیں۔

پاکستان میں ہلاک خیز ٹریفک حادثات ہر سال ہزاروں شہریوں کی جان لے لیتے ہیں، جن کی بڑی وجوہات زیادہ تر سڑکوں کی خراب حالت، لاپرواہی  سے کی جانے والی ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کا احترام نہ کرنا ہوتی ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات ہر سال قریب 5000 انسانی ہلاکتوں کی وجہ بنتے ہیں۔

پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے آج کے حادثے میں درجنوں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید