1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان طے شدہ ايکشن پلان پر عملدرآمد يقينی بنائے، واچ ڈاگ

22 جون 2019

فنانشل ايکشن ٹاسک فورس نے طے شدہ اقدامات نہ کرنے پر پاکستان کو خبردار کيا ہے اور مناسب کارروائی کے ليے اکتوبر تک کا وقت ديا ہے۔ پاکستان کی جانب سے کہا گيا ہے کہ ادارے کے ساتھ طے شدہ اہداف کے حصول کو ممکن بنايا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3KsWi
Pakistan Anschlag auf Kirche in Quetta
تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کی غرض سے اپنی مالی پاليسياں بين الاقوامی معيارات کے مطابق بنانے کے ليے پاکستان کو اکتوبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔ منی لانڈرنگ کے انسداد کے ليے سرگرم واچ ڈاگ فنانشل ايکشن ٹاسک فورس (FATF) نے جمعے کو جاری کردہ بيان ميں اسلام آباد حکومت پر زور ديا ہے کہ وہ طے شدہ منصوبے و معيارات پر عملدرآمد کو حد سے حد اکتوبر تک يقينی بنائے۔ اس بيان کے مطابق پاکستان رواں سال جنوری اور مئی کے ليے طے شدہ اہداف کے حصول ميں ناکام رہا، جس سبب يہ ٹاسک فورس تشويش ميں مبتلا ہے۔

عالمی سطح پر رقوم کی غير قانونی منتقلی روکنے کے ليے فنانشل ايکشن ٹاسک فورس کا قيام تيس برس قبل عمل ميں آيا تھا۔ ٹاسک فورس ميں يورپی کميشن، امريکا اور چين کے علاوہ کئی ديگر ممالک بھی شامل ہيں۔ پاکستان کے حوالے سے يہ تازہ انتباہ امريکی رياست فلوريڈا ميں منعقدہ اجلاس کے بعد جاری کيا گيا۔

Infografik Hochrisiko und nicht-kooperationsbereite Einflussbereiche FATF ENG

ايف اے ٹی ايف نے بيان ميں کہا ہے کہ پاکستان رواں سال اکتوبر تک اپنے طے شدہ ايکشن پلان پر عملدرآمد يقينی بنائے بصورت ديگر ٹاسک فورس کے آئندہ اجلاس ميں يہ فيصلہ کيا جائے گا کہ پاکستان کے خلاف کيا اقدامات کيے جائيں۔ واضح رہے کہ پاکستان کو پہلے ہی 'گرے لسٹ‘ ميں شامل کيا جا چکا ہے۔ اس فہرست ميں ان ملکوں کو شامل کيا جاتا ہے، جہاں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے مالی معاونت روکنے کے ليے اقدامات ناکافی ہيں۔ بھارت کا کافی عرصے سے مطالبہ ہے کہ پاکستان کو بليک لسٹ کيا جائے۔ ايسا ہونے کی صورت ميں پاکستان کو پابنديوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس پيش رفت پر ہفتے کے روز رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گيا ہے کہ حکومت طے شدہ ايکشن پلان پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد يقينی بنانے کے ليے ہر ممکن اقدامات کرنے کے سلسلے ميں پر عزم ہے۔

ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں