1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں سال کا خونریز ترین ڈرون حملہ، چھبیس ہلاک

عاطف بلوچ، روئٹرز
17 اکتوبر 2017

حقانی نیٹ ورک کے ایک ٹھکانے پر کیے گئے ایک ڈورن حملے کے نتیجے میں چھبیس افراد مارے گئے ہیں۔ کچھ دن قبل ہی پاکستانی فوج نے اس علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک امریکی اور کینیڈٰین جوڑے اور ان کے تین بچوں کو رہا کرایا تھا۔

https://p.dw.com/p/2lx0k
Afghanistan Drohne
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Wigglesworth

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے آج سترہ اکتوبر بروز منگل مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان ڈرون طیاروں نے کرم ایجنسی میں ایک ایسے مقام کو نشانہ بنایا، جہاں حقانی نیٹ ورک کے ارکان کی میٹنگ جاری تھی۔ بتایا گیا ہے کہ بغیر پائلٹ کے چار جاسوس طیاروں نے چھ میزائل فائر کیے جن کی وجہ سے چھبیس مشتبہ جنگجو مارے گئے۔

نہ امریکی خاتون کا ریپ ہوا، نہ بچہ قتل کیا گیا، طالبان

امریکا کو مشترکہ آپریشن کی دعوت، متعدد سیاسی جماعتیں چراغ پا

واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان درجہٴ حرارت بڑھنے کا امکان

رواں برس کے دوران پاکستان میں ہونے والا یہ خونریز ترین ڈورن حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ افغانستان سے محلق پاکستانی قبائلی علاقہ جات میں ماضی میں بھی ایسے ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔

کرم ایجنسی میں ایک مقامی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا، ’’پہلے ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے پانچ جنگجو مارے گئے۔ دوسرا حملہ اس وقت ہوا، جب جنگجو تباہ حال عمارت سے لاشیں نکالنے کے لیے جمع ہوئے۔‘‘

منگل کی صبح اس اہلکار نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر مزید کہا، ’’مجموعی طور پر چھیبس لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ ڈرون طیارے ہوا میں اڑتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔‘‘

یہ امر اہم ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی حکام نے پاکستان پر دباؤ بڑھایا ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف زیادہ مؤثر کارروائی کرے۔ یہ حملے ایسے وقت پر ہوئے ہیں، جب کچھ دن قبل ہی اس قبائلی علاقے میں پاکستانی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے ایک امریکی اور کینیڈٰین جوڑے اور ان کے تین بچوں کو رہا کرایا تھا۔

حقانی نیٹ ورک کو افغانستان میں ایک خطرناک ترین جنگجو گروہ قرار دیا جاتا ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے افغانستان میں مقامی اور غیر ملکی افواج پر کئی بڑے حملوں میں ملوث بتایا ہے۔

واشنگٹن حکومت کا کہنا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے پاکستانی فوج کے کچھ حلقوں کے ساتھ بھی روابط ہیں تاہم پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ انہی الزامات کے باعث پاکستان اور امریکا کے مابین تناؤ بھی دیکھا جا رہا ہے۔