1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں پانچ امریکیوں کےخلاف چارج شیٹ تیار

2 مارچ 2010

پاکستان میں پولیس نے پنجاب صوبے کے شہر سرگودھا سے دسمبر کے اوائل میں گرفتار کئے گئے پانچ امریکی شہریوں کے خلاف چارج شیٹ تیار کر لی ہے۔ ان افراد کو دہشت گردی کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/MHhu
تصویر: AP

ان پانچ ملزمان پرابھی تک باقاعدہ طورپرکوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی تاہم منگل کو پولیس نے ان کے خلاف سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت میں چارج شیٹ جمع کروا دی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ اس چارج شیٹ کے مطابق ان افراد پر سازش، ہمسایہ ممالک میں تخریب کارانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور جنگجوؤں کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

متوقع طورپردس مارچ کو اس مقدمے کی آئندہ سماعت کےدوران ان افراد پر باقاعدہ فرد جرم عائد کی جائے گی۔ ان ملزمان سے اب تک پاکستان ہی میں امریکی تحقیقاتی ادارے FBI کے عہدے دار بھی پوچھ گچھ کر چکے ہیں۔

Flash-Galerie Pakistan: Anschlag Pakistan Lahore
ان پانچ افراد کو سرگودھا سے گرفتار کیا گیاتصویر: AP

امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ان مشتبہ افراد پرالزام ہے کہ انہوں نے طالبان باغیوں اور دیگرعرب جنگجوؤں سے انٹرنیٹ کے ذریعے رابطے کئے تھے۔

سرگودھا پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ اِن افراد کو انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ پولیس نے مزید کہا ہے کہ یہ افراد افغانستان جا کر وہاں طالبان باغیوں کے ساتھ مل کرافغان اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے خلاف ’’جہاد‘‘ کرنا چاہتے تھے۔

’جہاد‘ کے نام پر ’دہشت گردی‘ کرنے والے ان ملزمان میں سے دو پاکستانی نژاد جبکہ باقی تین کا تعلق مصر، یمن اور افریقی ملک اِریٹریا سے ہے لیکن سب کے سب امریکی شہری ہیں۔ ملزمان نے پاکستانی اور امریکی تحقیقاتی اداروں پرالزام عائد کیا ہے کہ ان سے تشدد کے ذریعے زبردستی بیانات لئے گئے ہیں۔ تاہم پاکستانی حکام ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں