1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: نئی قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس، ارکان کی حلف برداری

13 اگست 2018

پاکستان میں پچیس جولائی کے قومی انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی پندرہویں قومی اسمبلی کا اولین اجلاس آج پیر تیرہ اگست کے روز اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اس اجلاس میں نومنتخب ارکان پارلیمان نے حلف اٹھایا۔

https://p.dw.com/p/3345y
تصویر: DW/I. Jabbeen

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں گزشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو ہونے والے قومی اور صوبائی پارلیمانی اداروں کے انتخابات میں وفاقی سطح پر عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف نے واضح کامیابی حاصل کی تھی اور نئی قومی اسمبلی میں اس جماعت (پی ٹی آئی) کے ارکان کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اٹھارہ اگست ہفتے کے روز وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اے پی نے لکھا ہے کہ پاکستان کی 342 رکنی نئی قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اپنے ارکان کی تعداد 115 ہے، جس کے بعد عمران خان کو حکومت سازی کے لیے دیگر ارکان کی حمایت بھی درکار ہو گی۔

عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے کے لیے ایوان میں کم از کم بھی 172 ارکان کی حمایت کی ضرورت ہو گی جبکہ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق اس پارٹی کو اب تک چند چھوٹی ہم خیال جماعتوں اور متعدد آزاد ارکان کی حمایت کے بعد قریب 180 نومنتخب ارکان کی تائید حاصل ہو چکی ہے۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ آج پیر کو نو منتخب قومی اسمبلی کے اولین اجلاس میں پاکستانی پارلیمان کے اس ایوان زیریں کے ارکان کی اکثریت نے حلف اٹھا لیا اور اہم بات یہ ہے کہ یہ اجلاس پاکستان کے یوم آزادی کی سالگرہ یعنی 14 اگست سے محض ایک دن قبل منعقد ہوا۔

ایک ’نئےپاکستان‘ کے نعرے کے ساتھ گزشتہ عام انتخابات جیتنے والے عمران خان کے مطابق ان کی حکومت ملک میں اچھی حکومت سازی اور کرپشن کے خلاف جنگ کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔ اسلام آباد سے موصولہ دیگر رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ نئی پاکستانی قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے بعد آج پیر کی رات ملک میں چراغاں اور آتش بازی کے مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔

پاکستانی پارلیمان کے نئے ایوان زیریں میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب پرسوں بدھ یعنی 15 اگست کو کیا جائے گا، جس کے ایک روز بعد نئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اقتدار یعنی وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

کافی زیادہ امکان ہے کہ 16 اگست جمعرات کو عمران خان کو قومی اسمبلی کے ارکان نیا ملکی وزیر اعظم چن لیں گے، جس کے بعد 65 سالہ عمران خان ہفتہ 18 اگست کو وزیر اعظم کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔

م م / ع ب / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید