1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان ون ڈے سیریز بھی جیت گیا، دورہء نیوزی لینڈ کامیاب

3 فروری 2011

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچویں ایک روزہ میچ میں41 رنز سے شکست دے کر یہ سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ نومبر2008ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے کسی ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/109mq
تصویر: AP

کرکٹ کے پاکستانی شائقین کے لیے ہی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ نہ صرف بڑی خوشی کا لمحہ ہے بلکہ انہیں اس بات کی اور بھی خوشی ہے کہ پاکستانی ٹیم عالمی کپ سے قبل دوبارہ فارم میں آ گئی ہے۔ دورہء نیوزی لینڈ کے دوران ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تو پاکستان کو شکست اٹھانا پڑی تھی تاہم ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چار سال بعد یہ پہلی ٹیسٹ سیریز تھی، جو پاکستان نے جیتی تھی۔

Shahid Afridi
کپتان شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: AP

ہیملٹن میں کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان کی فتح میں اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے اہم کر دار ادا کیا۔ ساتھ ہی پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ نے بھی کیوی کھلاڑیوں کو زیادہ دیر گراؤنڈ میں رکنے کا موقع نہ دیا۔

احمد شہزاد نے 115 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے دوسرے کامیاب ترین کھلاڑی عمر اکمل تھے، جنہوں نے 32 رنز بنائے۔ احمد شہزاد کی یہ پہلی ون ڈے سنچری تھی۔ انہوں نے یہ اسکور 101 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے بنایا۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لیے۔

گراؤنڈ چھوٹا ہونے کی وجہ سے خیال تھا کہ کیویز کے لیے یہ کوئی مشکل ہدف ثابت نہیں ہو گا، کیونکہ میچ سے قبل اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس گراؤنڈ پر کم از کم 003 سو رنز کا ٹوٹل ایک اچھا ہدف ہو گا۔ تاہم مارٹن گپٹل اور کپتان روس ٹیلر کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکا۔ گپٹل نے 65 جبکہ ٹیلر نے 69 رنز بنائے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 46.5 اوورز میں 227 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Umar Akmal
عمر اکمل پاکستان کی جانب سے دوسرے کامیاب بیٹسمن تھے۔ انہوں نے 32 رنز بنائےتصویر: APImages

دوسری اننگز کے 42 ویں اوور میں، جب ٹیلر اور فرینکلن کریز پر موجود تھے، ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ میزبان ٹیم سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تاہم جیسے ہی شاہد آفریدی کے ہاتھوں ٹیلر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسکور بورڈ پر رنزکے بجائے وکٹوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ گزشتہ 15 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی یہ 14ویں شکست تھی۔

سیریز کا چھٹا اور آخری ایک روزہ میچ پانچ فروری کو آک لینڈ میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں