1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان ویلنگٹن ٹیسٹ میں فتح کے قریب

5 دسمبر 2009

پاکستان، نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کھیلی جارہی اپنی ہوم ٹیسٹ سیریز کا دوسرا یعنی ویلنگٹن ٹیسٹ جیتنے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/Kr3i
فائل فوٹوتصویر: AP

محمد یوسف اور عمر اکمل کی نصف سنچریوں کی بدولت ويلنگٹن ٹيسٹ ميں پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم ہوگئی ہے۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام تک صورتِ حال یہ ہے کہ چار سو پانچ رنز کا تعاقب کرنے والی ٹیم نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں اور ابھی اُسے میچ جیتنے کے لئے مزید تین سو پینتیس رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو جیت کے لئے محض سات مزید کھلاڑی آوٹ کرنا ہوں گے۔

پہلی اننگز میں دو سو چونسٹھ رنز بنانے والی پاکستانی ٹیم نے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو پہلی اننگز میں ننانوے کے اسکور پر ہی آؤٹ کر دیا تھا۔ محمد آصف چار اور دھنیش کنیریا تین شکاروں کےساتھ کے سرفہرست گیند باز رہے۔

Mohammad Asif
محمد آصف کی نمایاں کارکردگی نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیاتصویر: AP

پاکستانی بلے بازوں نے اپنی دوسری باری میں دو سو اُنتالیس رنز بنائے، جن میں محمد یوسف اور عمر اکمل کی نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف بتیس گیندوں میں اپنے پچاس رنز مکمل کئے۔ نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری باری میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ستر رنز بنائے اور تین وکٹیں گنوائی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے تینوں بلے باز محمد آصف کا شکار بنے۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان سیف