1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان، پولیس کے چھاپے میں چار عسکریت پسند ہلاک

صائمہ حیدر
15 مئی 2017

پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کے ایک اہلکار کے مطابق پاکستانی پولیس نے خانیوال کے ضلع میں فائرنگ کے دوران چار اسلامی عسکریت پسندوں کو  ہلاک کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2d0v4
Pakistan Polizei und Rettungskräfte nach der Explosion in Lahore
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے ایک اہلکار چوہدری محمد سلیم نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ یہ ہلاکتیں صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں ایک چھاپے کے دوران جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئیں۔ محمد سلیم کے مطابق ان عسکریت پسندوں کا تعلق پاکستانی طالبان سے الگ ہونے والے ایک دھڑے جماعت الحرار سے تھا۔

جماعت الحرار نے جہادی گروہ اسلامک اسٹیٹ کے ساتھ اپنی حمایت کا اعلان تو کیا ہے تاہم اس کی حاکمیت قبول نہیں کی ہے۔ محمد سلیم کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران دستی بم، رائفلیں اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی پولیس اور پاکستانی فوج کے مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن کا حصہ تھی۔ اس سے قبل آج صبح پاکستانی صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک نئے بم دھماکے میں چار نیم فوجی سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

کوئٹہ سے موصولہ رپورٹوں میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ بم دھماکا سڑک کے کنارے نصب ایک بم کی مدد سے کیا گیا۔ بظاہر ریموٹ کنٹرول کی مدد سے کیے جانے والے اس بم دھماکے سے پیرا ملٹری فرنٹیئر کور کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس گاڑی میں سوار اہلکار معمول کے حفاظتی گشت پر تھے۔ مستونگ میں گزشتہ جمعے کے روز بھی ایک بڑا بم دھماکا کیا گیا تھا، جس میں اٹھائیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمے داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کر لی تھی۔