1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان پھر ہار گیا

22 جنوری 2011

چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے ہزیمت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے۔ میزبان ٹیم نے 125 رنز کا ہدف صرف 17.2 اوورز میں ہی عبور کر لیا۔

https://p.dw.com/p/100rX
جیکب اورم نے دو وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

ویلنگٹن میں کھیلےگئے اس پہلے میچ میں ٹموتھی ساؤتھی کی سونگ اور سیم بولنگ نے پاکستانی بلے بازوں کے ہوش ٹھکانے لگا دیے۔ انہوں نے نو اعشاریہ تین اوورز میں 33 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایک اچھی بیٹنگ وکٹ پر پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کا یہ فیصلہ اس وقت الٹا ثابت ہو گیا، جب ٹم ساوتھی نے اوپنر محمد حفیظ کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ پھر تو جیسے لائن ہی لگ گئی۔

بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل آٹھ، یونس خان 24، اسد شفیق چار، عمر اکمل صفر، کپتان شاہد آفریدی 15 جبکہ عبد الرزاق چھ پر پویلین سدھار گئے۔ اس صورتحال میں ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کچھ تھوڑی بہت مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 50 کے انفرادی سکور پر ساوتھی کا نشانہ بن گئے۔

Misbah ul Haq
ٹیسٹ سیریز کے فاتح مصباح الحق نے پچاس رنز بنائےتصویر: AP

پاکستان کی تمام ٹیم ہی صرف 37.3 اوورز میں 124 رنز کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے جیکب اورم نے تین جبکہ ہامِش بینیٹ نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ نے جب 125 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑا۔ سلامی بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیسی رائڈر تھے جنہوں نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ انہیں سہیل تنویر نے آؤٹ کیا۔ جبکہ مارٹن گپٹل اور روس ٹیلر کی ناقابل شکست پارٹنرشپ نے نیوزی لینڈکویہ میچ جتوانے میں مدد دی۔ مارٹن نے 40 جبکہ ٹیلر نے 23 رنز بنائے۔

میچ کا بہترین کھلاڑی ساؤتھی کو قرار دیا گیا۔ چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں میں اب دوسرا ایک روزہ میچ 26 جنوری کو کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں