1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز بھی مستعفی

9 اکتوبر 2006

بھارت میں ICC چیمپئینز ٹرافی شروع ہو چکی ہے اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھی وہاں پہنچ چکی ہے لیکن پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کو درپیش بحرانی حالات ختم ہوتے نظر نہیں آتے۔ اس کی تازہ ترین مثال عباس زیدی کا استعفیٰ ہے۔

https://p.dw.com/p/DYNV

برطانیہ میں اوول ٹیسٹ کے دوران پیدا ہونے والے تنازعے کے سلسلے میں ، کرکٹ کے کھیل کو بدنام کرنے کے الزام میں پاکستانی کپتان انضمام الحق کی ون ڈے میچوں میں شرکت پر محدود پابندی کے بعد، پہلے یونس خان اورپھر ان کے انکار کے بعد محمد یوسف کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔ پھر PCB کے چیئر مین شہریار خان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور بورڈ کے نئے سربراہ ڈاکٹرنسیم اشرف نے یونس خان کو دوبارہ کپتان نامزد کردیا جو اس وقت قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بھارت میں ہیں۔

پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کا خیال تھا کہ اب شائد ملک میں اس کھیل کے حوالے سے برے دن ختم ہو گئے ہیں۔ لیکن آج پیر کے روز PCB کے ڈائریکٹر آپریشنز عباس زیدی بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے اورملک میں کرکٹ کے کھیل کو ایک نئی بے یقینی نے اپنے گھیرے میں لے لیا۔

لاہور میں آج PCB کے نئے چیئر مین ڈاکٹرنسیم اشرف نے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ عباس زیدی نے اپنی ذمے داریوں سے استعفیٰ دے دیا ہے جو منظور بھی کرلیا گیا ہے۔ اس استعفے سے محض تین روز قبل شہریار خان مستعفی ہوئے تھے اور دو روز قبل چیمپیئنز ٹرافی کے لئے پاکستانی ٹیم کے نائب کوچ اورسپن باﺅلر مشتاق احمد کو بھی ان کی ذمے داریوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔