1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کپ: سلمان بٹ کا انتخاب، آصف اور آفریدی باہر

طارق سعید12 اپریل 2016

پاکستان کپ دو ہزار سولہ کے لیے پانچ پاکستانی ڈومیسٹک ٹیموں کے جن 75 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ان میں سابق کپتان سلمان بٹ کا نام بھی شامل ہے مگر اسپاٹ فکسنگ کے ایک اور کردار محمد آصف کسی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔

https://p.dw.com/p/1ITwI
Indien World T20 cricket tournament - Pakistan vs. Bangladesch
تصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ٹوئنٹی ٹوئنٹی پی ایس ای کی کامیابی کے بعد اب فیصل آباد میں انیس اپریل سے شروع ہونے والے ون ڈے ٹورنامنٹ، پاکستان کپ کے لیے بھی ٹیموں کے انتخاب میں ڈرافٹنگ کا طریقہ کار اپنایا گیا۔ منگل کو لاہور کے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں روایات کے برعکس سلیکٹرز کی بجائے ٹیموں کے پانچوں کپتانوں اور کوچز نے چودہ راؤنڈز میں مرحلہ وار کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

ٹورنامنٹ میں چاروں صوبوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق، جنہیں پہلی ’’پک‘‘ کا حق ملا تھا انہوں نے وکٹ کیپر کامران اکمل کا سب سے پہلے انتخاب کیا۔ اسلام آباد کی ٹیم میں اوپنر شرجیل خان، محمد سمیع اور ناصر جمشید جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

اسپاٹ فکسنگ معاملے کی وجہ سے پانچ سال بعد کرکٹ کی دنیا میں واپس آنے والے اوپنر سلمان بٹ کو پنجاب کے کپتان شعیب ملک نے دوسری ’’پک‘‘ میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ واضح رہے کہ سلمان بٹ کو فروری میں خیلج میں ہونیوالی پی ایس ایل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ سلمان کے علاوہ اسد شفیق، محمد رضوان، احسان عادل اور لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر بھی پنجاب ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

Pakistan Salman
اسپاٹ فکسنگ معاملے کی وجہ سے پانچ سال بعد کرکٹ کی دنیا میں واپس آنے والے اوپنر سلمان بٹ کو پنجاب کے کپتان شعیب ملک نے دوسری ’’پک‘‘ میں اپنی ٹیم میں شامل کیاتصویر: DW/T. Saeed

سندھ کی قیادت پاکستان کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کے سپرد ہے۔ سرفراز احمد کا پہلا انتخاب فاسٹ باؤلر محمد عامر تھے۔ ان کے علاوہ خالد لطیف، عماد وسیم، فواد عالم اور پیسر سہیل خان بھی سرفراز احمد کا انتخاب ٹھہرے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد سندھ کی ٹیم کے کوچ ہوں گے۔

اسٹار بیٹسمین یونس خان کو خیبر پختون خواہ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں پہلا انتخاب پی ایس ایل میں شہرت پانے والے پشاور زلمی کے لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر تھے۔ قوت بخش ادویہ کے استعمال کی پاداش میں تین ماہ کی پابندی ختم ہونے کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ کی بھی خیبر پختون خواہ ٹیم میں شمولیت ہوئی ہے۔ لیفٹ آرم پاکستانی پیسر راحت علی کا نام بھی اس سکواڈ کا حصہ ہے۔

بلوچستان کی ٹیم کی کپتانی پاکستان کے ون ڈے کپتان اظہر علی کریں گے۔ اظہر علی نے ابھرتے ہوئے بیٹسمین بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں سب سے پہلے شامل کرنے کی ٹھانی۔ حالیہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ رہے۔ آل راؤنڈر محمد نواز، عمر اکمل اور بھولے بسرے سیمر جنید خان کو بھی بلوچستان ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ آل راؤنڈر بلاول بھٹی اور لیگ اسپنر اسامہ میر بھی بلوچستان کے پندرہ رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

منتظیمن کے مطابق شاہد آفریدی عمرہ کرنے سعودی عرب گئے ہیں جبکہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض زخمی ہونے کی وجہ سے پاکستان کپ نہیں کھیل سکیں گے۔ البتہ دستیابی کے باوجود متنازعہ سیمر محمد آصف کو کسی ٹیم کے کپتان نے شامل کرنا گوارہ نہیں کیا۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کی میچ فیس دوگنا کر دی ہے۔

ہر ٹیم نے سکواڈ میں ایک علاقائی انڈر نائنٹین اور دو دو تئیس سال سے کم عمر کھلاڑیوں کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

ڈرافٹ کے بعد ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق نے سلیکشن کے اس غیر روایتی طریقہ کار کو سراہا اور کہا کہ تمام ٹیمیں متوازن ہیں۔ مصباح کے بقول ڈرافٹ میں معیاری بیٹسمینوں کا انتخاب آسان نہ تھا لیکن تمام ٹیموں کی قوت برابر نظر آرہی ہے اور پچاس اوورز کی اچھی کرکٹ دیکھنے اور کھیلنے کو ملے گی۔