1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں خودکش حملہ، دو فوجی ہلاک

26 جون 2009

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں کم از کم دو پاکستانی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IbYH
پاکستانی فوج پر ملک کے دیگر علاقوں میں حملوں کے واقعات دیکھے جا رہے تھےتصویر: AP

پاکستانی فوج کے ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے علاقائی دارالحکومت مظفر آباد کے قریبی علاقے شوکت لائنز میں فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نےگھریلو مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

پاکستانی کے زیرانتظام کشمیر میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ اس طرح کے کسی خودکش حملے میں فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل ملک کے دیگر علاقوں میں فوجیوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر شدت پسندوں کے حملے دیکھنے میں آرہے تھے۔

پاکستان فوج مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہے۔ قبائلی علاقوں میں میں پناہ لینے والے طالبان کے خلاف بھی فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔

مقامی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور شوکت لائنز میں قائم جونیئر فوجی افسران کے رہائشی علاقے کے دروازے پر پہنچا اور محافظوں سے باتیں کرنے لگا۔ کچھ دیر بعد جب گارڈز کے علاوہ چند دیگر فوجی بھی وہاں پہنچے تو اس حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا دیا۔

اب تک عسکریت پسندوں کے کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔


رپورٹ عاطف توقیر

ادارت مقبول ملک