1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک چین فریٹ سروس کا آغاز

صائمہ حیدر
2 دسمبر 2016

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی اور چین کے درمیان براہِ راست فریٹ سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق پہلی مال برادر ٹرین چین کے شہر کُنمنگ سے روانہ ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2TeEV
China Europa Ankunft Güterzug in Yiwu
نئے روٹ سے چین کے سامان کی نقل وحمل پر آنے والی لاگت  50 فیصد تک کم ہو جائے گیتصویر: picture-alliance/dpa/L. Bin

چینی نیوز ایجنسی نے جمعرات یکم دسمبر کو اپنی ویب سائٹ پر خبر دی ہے کہ چین اور پاکستان نے سمندر اور ریل کے ذریعے کارگو سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ اِس سروس کے تحت پہلی مال بردار ریل گاڑی چین کے صوبے یونان کے دارالحکومت کُنمنگ سے بندر گاہی شہر گوانگزو کے لیے روانہ ہوئی ہے۔

 گوانگزو سے قریب 500 ٹن وزنی سامان سمندر کے ذریعے کراچی بھیجا جائے گا۔ نیوز ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق نئے روٹ سے چین کے سامان کی نقل وحمل پر آنے والی لاگت  50 فیصد تک کم ہو جائے گی۔ نیو سلک روڈ یونان لمیٹڈ کے نمائندے کا کہنا ہے کہ نیا روٹ مقامی کاروبار کو عالمی تجارت سے مربوط کرنے میں مدد دے گا۔

 یہ سروس چین کے ’میری ٹائم سلک روڈ‘ منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ یاد رہے کہ اکنامک کوریڈور یا سی پیک کے سلسلے میں چین  پاکستان میں 46 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ گزشتہ ماہ نومبر میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے بلوچستان میں چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والی گہرے پانی کی بندرگاہ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا ہے۔

 گوادر سے بین الاقوامی تجارت کے آغاز کے موقع پر کوسکو ویلنٹگن نامی بحری جہاز پر 150 سے زائد کنٹیرز لادے گئے۔ پاک چین اکنامک کوریڈور یا سی پیک کے سلسلے میں یہ پہلی کھیپ ہے جو اس بندرگاہ سے روانہ کی گئی۔

 اس موقع پر پاکستان میں متعین چین کے سفیر کا کہنا تھا، ’’آج سی پیک منصوبے نے پہلا سنگ میل عبور کرلیا ہے جس پر پاکستان کے عوام مبارک باد کے مستحق ہیں۔‘‘ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سی پیک منصوبہ مستقبل میں بھی نئی منازل طے کرے گا جس سے پاکستان کو عوام کو خوشحالی اور خطے کو ترقی ملے گی ہزاروں کی تعداد میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے اور ہنرمند نوجوان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر ترقی کرسکیں گے۔