1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتگال: جنگلاتی آگ میں پچاس سے زائد ہلاکتیں

18 جون 2017

پرتگال کے جنگلات میں آتشزدگی کے دوران اب تک کم از کم 57 انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ زیادہ تر افراد جنگلاتی علاقوں سے گزرنے کے دوران اپنی کاروں میں پھنس جانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/2eso8
Portugal Waldbrand
تصویر: REUTERS

پرتگال کے وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے آج اتوار کو اپنے بیان میں اس آتشزدگی میں  انسانی جانوں کے ضیاع کو ایک بہت بڑی تباہی سے تعبیر کیا۔ داخلہ سیکرٹری خورگے گومیس نے بتایا کہ آگ ہفتے کی دوپہر ملک کے کم آبادی والے خطے ’لائریا‘ میں لگی۔ ان کے بقول ان میں سے کم از کم سولہ افراد اس وقت ہلاک ہوئے، جب انہوں نے اپنے کاروں کے ذریعے دھوئیں کے بادلوں کے درمیان سے گزرنے کی کوشش کی، ’’یہ ہلاکتیں پیدروگوا گراندے کے علاقے میں ہوئیں،جو دارالحکومت لزبن سے ڈیڑھ سو کلومیٹر شمال مشرق کی جانب واقع ہے۔‘‘

Waldbrand in Portugal Feuerwehr im Einsatz
آگ بجانے والے عملے کو جنگل کے بیچوں بیج آگ بجانے میں مشکلات کا سامنا ہےتصویر: picture.alliance/dpa/A.Franca

خورگے گومیس کے بقول آگ بجھانے والے عملے کے چھ سو زائد کارکن ہفتے کی دوپہر سے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ آتشزدگی کی اصل وجہ تو ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم گزشتہ کئی دنوں سے پرتگال میں موسم انتہائی گرم ہے اور کچھ علاقوں میں تو درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

ایک مقامی رہائشی ازابیل براندوا نے بتایا،’’ہفتے کے روز ہم نے دھواں اور آگ کے شعلے دیکھے تھے۔ ہم نے سوچا کہ یہ آگ تو کہیں بہت دور لگی ہوئی ہے۔‘‘ ان کے بقول آج اتوار کی صبح ان کی ساس نے انہیں سوتے سے جگایا اور کہا کہ آگ ان کے گھر تک پہنچ چکی ہے۔

وزیر اعظم وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے مزید بتایا کہ آگ کی شدت کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ بہت تیز رفتاری سے پھیل رہی ہے اور اس صورتحال میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔