1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرنس ولیم اور پرنسس کیٹ بے گھر نوعمر بچوں سے ملاقات کریں گے

عابد حسین
17 جولائی 2017

برطانیہ کا شاہی جوڑا آج سے جرمنی اور پولینڈ کے پانچ روزہ دورے پر ہے۔ وہ جرمنی میں قیام کے دوران برلن کے ایک ایسے مرکز کا دورہ کریں گا جو بے گھر نوعمر بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر خوراک فراہم کرتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2gfk6
Polen britische königliche Familie
تصویر: picture-alliance/empics/D. Lipinski

برطانوی شہزادہ ولیم اور اُن کی اہلیہ شہزادی کیٹ آج پیر سترہ جولائی کو پہلی مرتبہ پولینڈ اور جرمنی کے دورے پر پولش دارالحُکومت وارسا پہنچے ہیں۔ پولینڈ کے بعد وہ جرمنی کا دورہ کریں گے۔ اس دورے میں اُن کے ہمراہ اُن کا تین سالہ بیٹا شہزادہ جارج اور دو برس کی بیٹی شہزادی شارلٹ بھی ہے۔ اس شاہی جوڑے کا پولینڈ اور جرمنی کا باضابطہ طور پر یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ تاہم شہزادہ ولیم گزشتہ برس تنہا جرمنی کا ایک دورہ کر چکے ہیں۔

لندن سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ شاہی جوڑا اپنے اس دورے کے دوران کاروباری حضرات کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ حکومتی اربابِ اختیار سے بھی ملیں گے۔ بیان کے مطابق دورے میں وہ ان ملکوں کے نوجوانوں کے ساتھ خاص طور پر ملاقاتیں کر کے اُن کی ترجیحات کو زیربحث لانا چاہتے ہیں۔ لندن کے کینزینگٹن پیلس سے جاری ہونے والے بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ شاہی جوڑا تعلیم اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ انتہائی ذہین نوجوانوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

England Tennis Wimbledon Prinz William und Herzogin Catherine 2012
برطانوی شاہی جوڑا: پرنس ولیم اور پرنسس کیتھرینتصویر: picture-alliance/dpa/A. Filippov

پولینڈ میں قیام کے دوران پرنس ولیم اور اُن کی اہلیہ پولستانی صدر کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ واراسا رائزنگ میوزیم کا دورہ کریں گے۔ بعد میں وہ پولش بندرگاہی شہر گڈانسک روانہ ہو جائیں گے۔ گڈانسک میں وہ نازی دور کے ایک اذیتی و مشقتی مرکز کا دورہ کریں گے۔ گڈانسک میں قیام کے دوران وہ ایک اسٹریٹ پارٹی میں شریک ہوں۔ اس کے علاوہ سولیڈیریٹی تحریک کے اراکین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

جرمنی میں اُن کی مصروفیات میں سے ایک دارالحکومت برلن کے مشرقی حصے کے مقام مارساہن میں بے گھر اور غریب نوعمر بچوں کے مرکز ’بولے‘ جانا بھی شامل ہے۔

شاہی جوڑا بچوں کے مرکز کا دورہ پرسوں بدھ انیس جولائی کو کرے گا۔ لاوارث بچوں کی تنظیم ’اشٹراسن کنڈر‘ کے سربراہ ایکہارڈ باؤمان کا کہنا ہے کہ ’بولے‘ مرکز کے دورے کے مفید اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ شاہی جوڑے کی آمد کے بعد خیرات و عطیات میں اضافہ یقینی ہے۔

جرمن یوتھ انسٹیٹیوٹ کے مطابق سارے ملک میں سینتیس ہزار نوجوان گلیوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔