1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوپ کا بنیادی آزادیوں کے احترام کا مطالبہ

29 مارچ 2012

کلیسائے روم کے سربراہ پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے بنیادی آزادیوں کے احترام کے مطالبے کے ساتھ اپنا تین روزہ دورہء کیوبا مکمل کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14UBi
تصویر: Reuters

دنیا بھر میں کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی رہنما نے کیوبا سے روانگی سے پہلے اپنے اس مطالبے کے ساتھ اس جزیرہ ریاست کی کمیونسٹ حکومت سے تسلسل کے ساتھ کی جانے والی اپنی اس اپیل کو دہرایا کہ حکمرانوں کو بالآخر ملک میں تبدیلی کو ممکن بننے دینا ہو گا۔

ہوانا سے آمدہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاپائے روم نے بدھ کے روز کیوبا کے دارالحکومت کے انقلاب چوک میں ایک کھلی مذہبی تقریب کی قیادت کرنے کے بعد قریب آدھ گھنٹے کے لیے انقلابی رہنما اور 85 سالہ سابق صدر فیڈل کاسترو سے ملاقات بھی کی۔

Papst Benedikt XVI. mit Fidel Castro
ہوانا میں پوپ نے انقلابی رہنما فیڈل کاسترو سے بھی ملاقات کیتصویر: Reuters

بعد میں 84 سالہ بینیڈکٹ شانزدہم نے شہر کے ہوائی اڈے پر اس دورے کے دوران آخری مرتبہ کچھ دیر کے لیے منظر عام پر آتے ہوئے اپنا یہ پیغام دہرایا کہ کسی بھی انسان کو اس کی بنیادی آزادیوں سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔

اس موقع پر ملکی صدر راؤل کاسترو کی موجودگی میں پوپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ’خدا کی روشنی‘ کیوبا کو ایک ایسا معاشرہ بننے میں مدد دے گی جہاں ‘مصالحت نظر آئے اور وسیع تر بصیرت کا احیاء ممکن ہو۔‘ پوپ نے دعا مانگتے ہوئے کہا، ’خدا کرے کہ کوئی بھی یہ محسوس نہ کرے کہ وہ اس لیے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتا کہ اس کی بنیادی آزادیاں محدود کر دی گئی ہیں۔‘

پوپ نے علامتی طور پر کیوبا کے ان جلاوطن شہریوں کا حوالہ بھی دیا جن کی اکثریت امریکہ میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کیوبا ایک دن کیوبا کے تمام باشندوں کا ایک ایسا گھر ہو گا جہاں اخوت کے ماحول میں انصاف اور آزادی بیک وقت پائے جاتے ہوں۔

ہوانا کے ہوائی اڈے پر واپس ویٹیکن کے لیے رخصتی سے قبل پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے اپنے بیان میں ان امریکی پابندیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو واشنگٹن نے قریب نصف صدی پہلے کیوبا کے خلاف عائد کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے باہر سے لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں کیوبا کے عوام کے لیے غیر منصفانہ بوجھ ثابت ہو رہی ہیں۔

قبل ازیں ہوانا کے انقلاب اسکوائر میں قریب تین لاکھ افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کلیسائے روم کے سربراہ نے کہا کہ کیوبا اور دنیا کو تبدیلی کی ضرورت ہے۔ لیکن یہ تبدیلی اسی صورت میں ممکن ہو سکے گی جب ہر کوئی اپنے لیے اخوت اور مصالحت کا راستہ اختیار کرنے کی حالت میں ہو۔

پاپائے روم نے اپنا میکسیکو اور کیوبا کے دوروں کے لیے سفر چھ روز پہلے شروع کیا تھا۔ اس سفر کے آخری روز وہ کچھ تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا کے باشندوں کو انسانیت کے بنیادی وقار کے مکمل احترام کو یقینی بنانا ہو گا۔ پوپ نے کیوبا میں اس مذہبی آزادی کی بھی خاص طور پر تعریف کی جس کا حق ہوانا حکومت نے عوام کو 1998 میں دیا تھا۔

کیوبا کی قریب 11 ملین کی آبادی میں کیتھولک مسیحیوں کا تناسب تقریباﹰ 10 فیصد بنتا ہے۔ 1998 تک یہ ریاست سرکاری طور پر ایک لادین ریاست تھی لیکن پھر حکومت نے عوام کو مذہبی آزادی دے دی جس کے بعد سے وہاں کلیسا کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہو چکی ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عطف توقیر