1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پُسی رائٹ کی دو گلوکارائیں روس سے فرار

27 اگست 2012

پُسی رائٹ میوزک بینڈ کی دو گلوکارائیں روس سے فرار ہو گئی ہے۔ اس بات کا اعلان اس میوزک بینڈ نے کیا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا کہ وہ کہاں گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/15x5w
تصویر: picture-alliance/dpa

پُسی رائٹ گروپ نے اپنی دو ارکان کے روس سے فرار کا اعلان ٹوئٹر پر کیا ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے: ’’پولیس کو مطلوب ہماری دو ارکان روس سے نکلنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ وہ غیرملکی خواتین کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ نئے ایکشن کی تیاری کر سکیں۔‘‘

روس کی ایک عدالت نے پُسی رائٹ کی تین گلوکاراؤں ماریا الویوخینا، نادیجدا تولوکونیکوا اور ییکاترینا سموتسیویچ کو 21 اگست کو مذہبی منافرت پھیلانے اور شورو وغُل کے الزام میں دو دو برس قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق پنک بینڈ میں شامل تینوں خواتین نے ماسکو کے مرکزی گرجا گھر میں ہنگامہ آرائی کی۔

جج مارینا سیرووا کا کہنا تھا کہ ان تینوں نے یہ کام باقاعدہ منصوبہ بندی کےساتھ کیا۔ تینوں گلوکاراؤں نےرواں برس 21 فروری کو ماسکو کے مرکزی گرجا گھر میں اپنے مخصوص پنک انداز میں صدر ولادیمیر پوٹن سے ’نجات کے لیے‘ دعا کی تھی۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ پُسی رائٹ کی دیگر دو خواتین کو بھی گرفتار کیا جائے گا جو اکیس فروری کے ’احتجاج‘ میں شریک تھیں۔

Gericht: Zwei Jahre Haft für Pussy Riot
ماریا الویوخینا، نادیجدا تولوکونیکوا اور ییکاترینا سموتسیویچتصویر: picture-alliance/dpa

ساتھ ہی تین گلوکاراؤں کی سزا کے فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے جبکہ فیصلے کی مذمت بھی کی گئی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان تین خواتین کو خاموش کرانے کی کوشش ہے۔

امریکا نے سزا کے اس فیصلے کو ’غیرمتناسب‘ قرار دیا تھا۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین نے بھی تنقید کی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نُولینڈ نے ایک بیان میں کہا تھا: ’’امریکا کو اس فیصلے، غیرمناسب سزاؤں اور روس میں آزادئ اظہار پر اس کے منفی اثر پر تشویش ہے۔‘‘

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پُسی رائٹ کی گلوکاراؤں کے خلاف سزا کو ’بے حد سخت‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ روس ’یورپی قانون اور جمہوریت‘ کے تقاضوں پر پورا نہیں اتر رہا۔

برطانیہ کے جونیئر وزیر خارجہ الیسٹیئر بُرٹ کا کہنا تھا کہ ’سیاسی اعتقاد کے اظہار‘ پر روس کے ردِ عمل پر انہیں گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا تھا: ’’ہم نے روسی حکام پر بارہا زور دیا ہے کہ وہ آزادئ اظہار سمیت انسانی حقوق کا تحفظ کریں اور قانون کی حکمرانی کو بلا امتیاز اور متناسب انداز سے نافذ کریں۔‘‘

یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور کیتھرین ایشٹن نے ماسکو حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سزا کا یہ فیصلہ واپس لے۔

ng / ah (AFP, dpa)