1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلے سست رفتاری پھر طوفانی رفتار، پاکستانی ٹیم کے 293 رنز کی کہانی

29 جنوری 2011

کرائس چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری تیسرے ایک روز ہ میچ میں پاکستانی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 293 رنز بنا سکی۔ اس اسکور میں محمد حفیظ کی سنچری بھی شامل ہے۔

https://p.dw.com/p/QwYO
تصویر: AP

نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جا رہے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کی ٹیم محمد حفیظ کی شاندار اور سمجھدارنہ بیٹنگ کی بدولت 293 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ محمد حفیظ 115 کے انفرادی اسکور پر ملز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اپنے کیریئر کی پہلی سنچری کے دوران انہوں نے 12 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان روس ٹیلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ ان کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا ، جب احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 8 رنز کے مجموعی اسکور پر گری اور یہ تھی کامران اکمل کی۔ یونس خان 12 اور مصباح الحق رنز بنا سکے۔ اس دوران اسکور بورڈ بہت سست رفتاری سے تبدیل ہو رہا تھا۔ ایک لمحہ ایسا بھی تھا کہ جب یہ لگ رہا تھا کہ پاکستان 225 سے زیادہ اسکور نہیں کر سکے گا۔

Shahid Afridi
شاہد آفریدی نے 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے صرف 25 بالوں پر 65 رنز بنائےتصویر: AP

مصباح الحق اور محمد حفیظ کے آؤٹ ہوتے ہی کپتان شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے میزبان ٹیم کے بالرز کو پریشان کر دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف میدان کے چاروں طرف شاٹ کھیلے بلکہ اسکور بورڈ بھی بہت تیزی سے حرکت کرنے لگا۔ شاہد آفریدی نے 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے صرف 25 بالوں پر 65 رنز بنائے۔ وہ پہلی اننگز کے آخری اوور میں 288 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے 29 بالوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کے ساتھ 44 رنر بنا سکے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 26 بالوں پر 69 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بینٹ نے 54 رنز دے کر دو ، ساؤتھی نے 57 رنز کے عوض دو اور ملز نے دس اوورز میں 61 رنز دے کر دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : عاطف توقیر