1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیسیفک کے تارکین وطن، چھان بین کے لیے ٹرمپ اجازت کے منتظر

عاطف بلوچ، روئٹرز
27 فروری 2017

امریکی حکام پاپووآ نیوگنی میں موجود سینکڑوں تارکین وطن کو ملک میں بسانے سے قبل ان کی جانچ پڑتال کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اجازت کے منتظر ہیں۔

https://p.dw.com/p/2YJKh
Australien Protest Flüchtlinge Nauru
تصویر: Getty Images/L. Ascui

پیر کے روز ایک اعلیٰ آسٹریلوی عہدیدار نے بتایا ہے کہ امریکی حکام مانوس اور ناؤرو کے جزائر پر موجود ساڑھے بارہ سو تارکین وطن کو ملک میں بسانے سے قبل ان کی جانچ پڑتال اب تک شروع نہیں کر پائے ہیں، کیوں کہ انہیں اب تک اس سلسلے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اجازت نہیں ملی ہے۔

امریکا اور آسٹریلیا کی حکومتوں کے درمیان سابق صدر باراک اوباما کے دور میں ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ان تارکین وطن کو امریکا میں بسایا جانا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کو ’بے وقوفانہ‘ قرار دیا تھا، تاہم بادل نخواستہ اسے تسلیم بھی کیا تھا۔

کینبرا حکام نے غیرقانونی طور پر آسٹریلیا میں داخلے کی کوشش کرنے والے ان مہاجرین کو سمندر ہی میں پکڑ کر پاپووآ نیوگنی کے جزائر مانوس اور ناؤرو میں قائم حراستی مراکز پہنچا دیا تھا۔ پاپووآ نیوگنی کی حکومت آسٹریلوی امداد سے یہ مراکز چلا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان تارکین وطن میں سے زیادہ تر کا تعلق سری لنکا، افغانستان اور ایران سے ہے۔ تاہم ان مراکز پر معیار زندگی کے اعتبار سے دگرگوں حالت پر انسانی حقوق کی تنظیمیں آسٹریلیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔

USA Präsident Donald Trump Telefonat mit Australiens Premierminister Malcolm Turnbull
ٹرمپ نے منصب صدارت سنبھالنے پر اس معاہدے کو ’بے وقوفانہ‘ قرار دیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/Pete Marovich/CNP/AdMedia

آسٹریلیا کے محکمہء مہاجرت اور سرحدی تحفظ کے سیکرٹری مائیک پیزُولو نے سینیٹ کی ایک کمیٹی کو بتایا کہ امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کے اہلکار ان تارکین وطن کی جلد از جلد امریکا منتقلی سے قبل جانچ کے عمل کو روکے ہوئے ہیں اور اس کے لیے انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اجازت درکار ہے۔

پیزُولو نے سینیٹ کی قانونی اور دستوری امور کی کمیٹی کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ یہ عمل اگلے چند ماہ میں شروع ہو جائے گا۔ سینیٹ کی اس کمیٹی کے ایک رکن نِک میکِم نے ٹرمپ کو ’پاگل‘ قرار دیتے ہوئے پیزُولو سے سوال کیا کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس بے یقینی کے بعد وہ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ یہ عمل اگلے کچھ عرصے میں شروع ہو جائے گا؟

پیزُولو نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی اور محکمہء خارجہ کے اہلکاروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پر اعتبار ہے۔

پیزُولو کا مزید کہنا تھا کہ امریکی محکمہء خارجہ کے کچھ عہدیداروں نے یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا یہ تارکین وطن حقیقی معنوں میں پناہ کے متلاشی ہیں یا نہیں، کچھ تارکین وطن سے بات چیت بھی کی ہے۔