1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پینسلوینیا میں اندھا دھند فائرنگ، کم از کم پانچ ہلاک

عدنان اسحاق10 مارچ 2016

امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر ولکنز برگ میں اندھا دھند فائرنگ کے واقعے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں دو افراد ملوث ہیں اور وہ مفرور ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IAG6
تصویر: picture-alliance/AP/Pittsburgh Post-Gazette/Michael Henninger

ولکنز برگ کی پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ایک گھر کے لان میں ہونے والی ایک پارٹی کو نشانہ بنایا۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ چار افراد، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ دو مختلف حملہ آوروں نے دو مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ کی ہے۔

اس واقعے کی تناظر میں ابھی تک کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور پولیس عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئی ہے۔ ولکنز برگ مشہور شہر پٹسبرگ سے مشرق کی جانب دس کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ پولیس کے مطابق ایک حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی، جس کے بعد پارٹی میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ گھر کے اندر پناہ لینے کے بھاگے اور اسی موقع پر گھر کے عقبی حصے یا قریب میں چھپے ہوئے دوسرے شخص نے لوگوں کو نشانہ بنایا اور اسی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔

USA Schießerei in Kansas
گزشتہ ماہ ہی کنساس شہر میں ایک شخص نے تین افراد کو ہلاک اور سترہ کو زخمی کر دیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo

پڑوسیوں کے مطابق انہوں نے تیس سے چالیس مرتبہ فائر کیے جانے کی آوازیں سنی ہیں۔ ابھی تک حملہ آوروں کی عمر اور شناخت کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

امریکا میں اندھا فائرنگ کے واقعات تواتر سے رونما ہوتے رہتے ہیں۔ ابھی گزشتہ ماہ ہی کنساس شہر میں ایک شخص نے تین افراد کو ہلاک اور سترہ کو زخمی کر دیا تھا۔ ایک اور تازہ واقعے میں ایک ٹیکسی ڈرائیور نے مشیگن میں چھ افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔ امریکا میں گزشتہ برس اندھا دھند فائرنگ کے 303 واقعات رونما ہوئے تھے اور اس طرح کے واقعات میں ہر سال اوسطاً تیس ہزار افراد اپنی جان گنواتے ہیں۔