1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پینسٹھ کی جنگ کے پچاس برس، پاکستان میں ’فتح کا جشن‘

عاطف بلوچ6 ستمبر 2015

ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ لڑی جانے والی دوسری جنگ کے پچاس برس مکمل ہو جانے پر پاکستان میں آج بروز اتوار خصوصی یاد گاری تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GRoX
’یوم دفاع‘ کے دن پاکستانی جنگی طیاروں نے ملک بھر کی فضاؤں میں پروازیں بھریںتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

پاکستان میں 1965ء کی جنگ کی گولڈن جوبلی خصوصی یادگاری تقریبات کا اہتمام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتوں کے مابین گزشتہ ہفتوں کے دوران کشمیر کے متنازعہ علاقے میں شدید جھڑپیں رونما ہو چکی ہیں۔ ان جھڑپوں کو گزشتہ عشرے کے دوران خونریز ترین قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں ہر سال چھ ستمبر کے دن ’یوم دفاع‘ منایا جاتا ہے، جس کا مقصد پاکستانی فوج کی طرف سے دی جانے والی ’قربانیوں‘ کو یاد کرنا ہوتا ہے۔ پاکستان کے مطابق اس جنگ میں پاکستانی فوج نے ’بھارتی جارحیت‘ کا بھرپور جواب دیا تھا۔ دوسری طرف بھارت بھی یہی کہتا ہے کہ اس کی فورسز نے ’پاکستانی فوج کے عزائم‘ ناکام بنا دیے تھے۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی اس جنگ میں فاتح ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 1965ء میں اگست اور ستمبر کے دوران لڑی جانے والی یہ جنگ امریکا اور سابق سوویت یونین کی مداخلت سے ختم ہوئی تھی۔ عالمی مبصرین کے مطابق اس جنگ میں کسی کو فتح حاصل نہیں ہو سکی تھی۔

تاریخ دانوں میں وسیع پیمانے پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ یہ عسکری مہم اس وقت شروع ہوئی تھی، جب پاکستانی فورسز نے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں در اندازی کی کوشش کی تھی۔ برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد پاکستان اور بھارت تین بڑی جنگیں لڑ چکے ہیں، جن میں سے دو کشمیر کے تنازعہ کی وجہ سے ہوئی تھیں۔ دونوں ممالک کشمیر کو اپنا حصہ قرار دیتے ہیں۔

اتوار چھ ستمبر کے دن پاکستان میں خصوصی یادگاری تقریبات کا آغاز اکتیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ صبح سویرے اسلام آباد میں اس سلامی کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی توپوں کی سلامی دی گئی۔ بعد ازاں مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجکر انتیس منٹ پر پاکستان بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کا مقصد اس جنگی تنازعے میں مارے جانے والے چار ہزار پاکستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

Narendra Modi
بھارت میں ستائیس اگست کو شروع ہونے والی خصوصی یادگاری تقریبات کا افتتاح وزیراعظم مودی نے کیا تھاتصویر: Getty Images/AFP/R. Schmidt

پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ پاکستانی جنگی طیاروں نے ملک بھر کی فضاؤں میں پروازیں بھریں۔ پاکستان کے میڈیا پر بھی خصوصی پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں اس جنگ میں ’پاکستان کی فتح‘ پر جشن منایا جا رہا ہے۔

دوسری طرف بھارت میں بھی اس جنگ میں ’کامیابی‘ کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔ بھارت میں جمعہ ستائیس اگست کو شروع ہونے والی خصوصی یادگاری تقریبات کا اختتام بائیس ستمبر کو ہو گا۔ پینسٹھ کی جنگ کو عموماﹰ ایک ’بھولی بسری عسکری مہم‘ کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے کیونکہ اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔ اگرچہ متعدد غیرجانبدار مبصرین کے نزدیک یہ جنگ برابری پر ختم ہوئی تھی لیکن پاکستان اور بھارت دونوں ہی اپنی اپنی کامیابیوں کے دعوے کرتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید