1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چار یورپی ممالک میں شارٹ سیلنگ پر پابندی

12 اگست 2011

فرانس، اٹلی، اسپین اور بیلجیئم جمعہ سے اسٹاکس کی شارٹ سیلنگ پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔ اس بات کا اعلان یورپین مارکیٹ ریگیولیٹر ای ایس ایم اے نے کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12FNt
تصویر: AP

یورپین سکیورٹییز اینڈ مارکیٹس اتھارٹی (ای ایس ایم اے) نے یہ بھی کہا ہے کہ مارکیٹوں میں ایسے کاروباری افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا، جو افواہیں اور جھوٹی یا گمراہ کن خبریں پھیلانے میں ملوث ہیں۔

اس ریگیولیٹر کے مطابق یورپی یونین کی مالی منڈیوں کے قانون کے تحت ایسی معلومات آگے بڑھانے پر پابندی ہے، جن سے مالی محرکات سے متعلق گمراہ کن اشارے ملتے ہوں۔ یہ بھی کہا گیا کہ یورپی حکام ایسی خلاف ورزی میں ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

اس ادارے کا کہنا ہے: ’’واضح طور پر سزا کے لائق طرز عمل کے خلاف کارروائی کے لیے ای ایس ایم اے حکام کے ساتھ تعاون کرے گی۔‘‘

یہ بھی کہا گیا ہے کہ شارٹ سیلنگ جائز تجارتی حکمت عملی تو ہے، لیکن اسے مارکیٹ سے متعلق غلط معلومات پھیلانے کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ عمل واضح طور پر قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

Deutschland Wirtschaft Börse Kurse in Frankfurt DAX
مالی منڈیوں میں گمراہ کن معلومات پھیلانا خلافِ قانون ہےتصویر: AP

یہ اعلان یورپین بینکوں کے شیئرز کی قیمیتں گرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی مارکیٹ ریگیولیٹر اے ایم ایف نے پندرہ دِن کے لیے فنانشل شیئرز کی شارٹ سیلنگ پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

ای ایس ایم اے کے مطابق جن چار ممالک نے شارٹ سیلنگ پر پابندی لگانے یا اس پابندی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، ان کا مقصد بعض یورپی مالی منڈیوں کے درمیان قریبی رابطے کے تناظر میں قواعد و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

اس ادارے نے ایک بیان میں کہا: ’’شارٹ سیلنگ کے حوالے سے یورپی یونین کا کوئی مشترکہ قانونی نظام نہیں ہے۔ اسی لیے ان اقدامات کو ممکنہ حد تک متوازی رکھا گیا ہے۔‘‘

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں