1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چمگادڑیں بارش میں کیوں نہیں اڑتیں، نئی تحقیق

17 مئی 2011

آپ کو بارش کے دوران چمگادڑیں کبھی اڑتی نظر نہیں آئیں گی۔ ایک تازہ تحقیق کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بھیگنا نہیں چاہتیں۔

https://p.dw.com/p/11HCG
تصویر: Merlin D. Tuttle, Bat Conservation International, www.batcon.org.

سائنسی تحقیقی جریدے ’بائیالوجی لیٹرز‘ میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق گیلے ہونے کی صورت میں اڑنے کے لیے چمگادڑوں کو بہت زیادہ توانائی صرف کرنا پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ چمگادڑوں کی جلد پر موجود باریک بالوں کی تہہ گیلی ہونے کی وجہ سے ان کی ایروڈائنامکس یا ہوائی حرکیات بھی متاثر ہوتی ہیں۔ ان کو قابو میں رکھنے کے لیے بھی چمگادڑوں کو اضافی قوت صرف کرنا پڑتی ہے۔

اس سے قبل عام خیال یہ تھا کہ بارش کے دوران چمگادڑیں اس لیے باہر نہیں نکلتیں کہ ایک تو ایسے موسم میں شکار ملنے کا امکان نہ ہونے کے براہر ہوتا ہے، اور دوسرا بارش کے قطرے چمگادڑوں کی لہروں کی مدد سے راستہ معلوم کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں۔

تازہ تحقیق پھل خور چھوٹی دُم رکھنے والی ’سویل‘ نامی 10 چمگادڑوں پر کی گئی۔ ان چمگادڑوں کا حیاتیاتی نام ’کیرولیا سویلی‘ (Carollia sowelli) ہے اور یہ کوسٹا ریکا میں پائی جاتی ہیں۔ اس چمگاڈر کا وزن محض 18 گرام ہوتا ہے اور یہ کیڑے مکوڑوں کی بجائے پھل کھا کر زندہ رہتی ہیں۔ ان چمگادڑوں کو اپنے قدرتی ماحول میں اکثر بارش سے پالا پڑتا رہتا ہے۔

تازہ تحقیق پھل خور چھوٹی دُم رکھنے والی ’سویل‘ نامی 10 چمگادڑوں پر کی گئی
تازہ تحقیق پھل خور چھوٹی دُم رکھنے والی ’سویل‘ نامی 10 چمگادڑوں پر کی گئیتصویر: Merlin D. Tuttle, Bat Conservation International, www.batcon.org.

تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے ان چمگاڈروں کو ایک جگہ پر تین طرح کے حالات میں اڑایا۔ خشک ماحول، بارش کے بغیر نمی کا ماحول اور بارش کی وجہ سے نم پروں کے ساتھ۔ تینوں حالات میں چمگادڑوں کی طرف سے صرف کی گئی توانائی کا حساب ان چمگادڑوں کے سانس کے ذریعے ہوا میں خارج کیے جانے والے ایک خاص مرکب C13 کی مقدار سے لگایا گیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق محض بارش کی وجہ سے چمگادڑوں کو اڑنے کے لیے اضافی قوت صرف نہیں کرنا پڑتی، بلکہ یہ ان کی جلد پر موجود باریک بالوں کی سطح یعنی ’فَر‘ کا نم ہونا ہے، جس کے باعث انہیں خشک ماحول کے مقابلے میں اڑنے کے لیے دوگنا طاقت لگانا پڑتی ہے۔ اس تحقیق کے ایک شریک مصنف کرسٹیان فوئگٹ کے مطابق: ’’نم فر والی چمگادڑوں کے جسم سے اتنی زیادہ حرارت خارج ہوتی ہے کہ انہیں اپنے جسم کا درجہ حرارت معتدل رکھنے کے لیے اضافی توانائی جلانا پڑتی ہے۔‘‘

تحقیق کے مطابق نم جلد کی وجہ سے ان چمگادڑوں کی ایروڈائنامک صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے چمگادڑوں کو مزید زیادہ توانائی خرچ کرنا پڑتی ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: امجد علی