1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھٹی بوتل کی جگہ، ’ووووزیلا‘

8 جون 2010

فٹ بال کا عالمی کپ شروع ہونے والا ہے اور اس دوران جرمنی میں بیئر کا استعمال بڑھ جائے گا۔ بیئر بنانے والی ایک کمپنی کے چھ کے پیک میں پانچ ییئر اور فٹ بال شائقین کے لئے ایک باجا موجود ہے۔

https://p.dw.com/p/NkPE
ایک فٹ بال کی فین ووووزیلا بجاتی ہوئیتصویر: dpa

جرمنی میں بیئرکے بغیر فٹ بال کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔ اگر مقامی سطح کا بھی کوئی فٹ بال میچ ہو تو اس شہر میں بیئر کی فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اور بات جب عالمی فٹ بال کپ کی ہو تو کیا حال ہو گا۔ جنوبی افریقہ میں گیارہ جون سے شروع ہونے والے عالمی کپ سے قبل بیئر بنانے والی مختلف کمپنیاں فروخت کے نت نئے انداز متعارف کرا رہی ہیں۔ ایک کمپنی نے چھ کے پیک میں بیئر کی پانچ بوتلیں اور ایک باجا رکھا ہوا ہے۔

Deutschland München Oktoberfest Frau mit Bier und Hut
جس جرمن شہر میں بھی فٹ میچ کھیلا جاتا ہے ،وہاں بیئر کی فروخت بڑھ جاتی ہےتصویر: AP

جی ہاں ’ووووزیلا‘ Vuvuzela نامی اس باجے کوجنوبی افریقہ میں فٹ بال کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ فٹ بال کے مقابلوں کے دوران مختلف رنگوں کا لمبا سا یہ باجا جرمنی کی سڑکوں پر دکھائی دے گا۔ اس باجے کو جنوبی افریقہ سے جرمنی لانے کا سہرا تین کمپنیوں کے سر ہے۔ ان کمپنیوں نے نہ صرف اسے جرمنی میں متعارف کرایا بلکہ اب یہ جرمنی میں ہی تیار کیا جا رہا ہے۔ ’ووووزیلا ‘ کے بارے میں کہتے ہیں کہ اس سے نکلنے والی آواز کو یا تو پسند کیا جاتا ہے یا اس سے شدید نفرت کی جاتی ہے۔

جرمنی میں ’ووووزیلا‘ متعارف کرانے میں گیرڈ کیہربیرگ بھی ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کے اس خاص باجے کو2007ء میں سنا تھا۔ ان کے بقول یہ جنوبی افریقہ کی ثقافت کا حصہ ہے اور صدیوں پہلے اسے جانوروں کی سینگوں سے بنایا جاتا تھا۔ چند دہائیوں سے اب اسے پلاسٹک سے تیارکیا جاتا ہے۔

یہ فٹ بال گراؤنڈ کے ماحول کو چار چاند لگاتا ہے اور شائقین اسے بہت پسند کرتے ہیں۔ گیرڈ کیہربیرگ کہتے ہیں کہ اس کا تعلق جنوبی افریقہ میں فٹ بال سے ویسے ہی ہے جیسا فٹ بال اور گول کا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ان کے بہت سے دوستوں کا کہنا ہے کہ اس شور کا، فٹ بال سے کیا تعلق؟ کیونکہ اگر اصل ’ووووزیلا‘ کی آواز سنی جائے تو وہ کسی ہاتھی کی چنگھاڑ سے بھی زیادہ تیز ہوتی ہے۔

ایک اور جرمن کمپنی سے منسلک ڈرک سمرمن کہتے ہیں کہ انہیں ’ووووزیلا‘ پہلی نظر میں پسند نہیں آیا تھا بلکہ انہیں اسے پسند کرنے میں وقت لگا تھا۔ اسی وقت انہیں یہ اندازہ ہوگیا تھا کہ جنوبی افریقہ کی طرز پر اگر اسے تیار کیا جائے تو پھر اسے جرمنی میں فروخت نہیں کیا جا سکے گا۔ سمرمن کے بقول ان کی کمپنی کے تیار کردہ ’ووووزیلا‘ جرمنی کے پرچم کے رنگ کے ہیں۔

Oktoberfest in München 2009 Flash-Galerie
جرمنی میں فٹ بال اور بیئر کے مابین چولی دامن کا ساتھ سمجھا جاتا ہےتصویر: AP

فٹ بال کے بہت سے شائقین اور ذرائع ابلاغ کے مختلف ادارے ’ووووزیلا‘ پر مکمل پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ اسٹیڈیم میں ان کے بجنے سے اتنا شور ہوتا ہے کہ کان پڑی آواز بھی سنائی نہیں دیتی۔ بعض اوقات کھیل کا لطف بالکل تباہ ہوکر رہ جاتا ہے۔

بہرحال اب دیکھنا یہ ہے کہ بیئر کی چھٹی بوتل کی جگہ ’ووووزیلا‘ دینے کی یہ ترکیب کس حد تک کامیاب ہوتی ہے؟

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عاطف بلوچ