1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیف جسٹس سندھ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی

عدنان اسحاق 19 جولائی 2016

پاکستان میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ اویس علی شاہ کو گزشتہ ماہ کراچی سے اغوا کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1JRCd
تصویر: tribune.com.pk

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باوجوہ کے نے آج منگل کو بتایا کہ اویس علی شاہ کو آزاد کرانے کی یہ کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب واقع ٹانک نامی ایک گاؤں میں کی گئی۔ اس کارروائی میں تین اغوا کار ہلاک بھی ہوئے۔

ان کے بقول منگل کو علی الصبح فوجی جوانوں نے اس وقت اغوا کاروں پر دھاوا بولا جب وہ اویس کو ایک کار میں بٹھا کر کسی دوسرے مقام منتقل کرنا چاہتے تھے۔

فوجی ترجمان کے مطابق اویس بالکل خیریت سے ہیں اور انہیں ایک طیارے کے ذریعے کراچی پہنچا دیا گیا ہے۔ پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ نے اویس کے گھر پہنچنے کی تصاویر بھی نشر کی ہیں۔

چیف جسٹس سندھ سجاد علی شاہ نے اپنے بیٹے کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بازیابی کی اس کارروائی کو سراہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس علاقے میں اس طرح اغوا کی کارروائیاں اکثر ہوتی رہتی ہیں۔

چیف جسٹس کے بیٹے اویس علی شاہ کو گزشتہ ماہ نقاب پوش افراد نے پاکستانی کے ساحلی شہر کراچی سے اغوا کیا تھا۔ انہیں ایک سُپر مارکیٹ کے باہر سے اغوا کیا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اغوا کار مسلسل ان کا پیچھا کر رہے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق اویس علی نے مزاحمت کی تھی لیکن نقاب پوش افراد نے جلد ہی ان پر قابو پا لیا اور انہیں ایک سفید رنگ کی گاڑی میں ڈالنے میں کامیاب رہے۔

بیس ملین نفوس پر مشتمل شہر کراچی ایک عرصے سے مذہبی، نسلی اور سیاسی تشدد کا سامنا کرتا آ رہا ہے لیکن ستمبر دو ہزار تیرہ سے جاری پیرا ملٹری آپریشن کے بعد سے اس شہر میں ہونے والے جرائم کی تعداد میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔