1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز ٹرافی: انگلینڈ کے ہاتھوں آسٹریلیا کو شکست

9 جون 2013

چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ اے کے ایک میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دے دی ہے۔ یہ میچ ہفتے کو برمنگھم کے علاقے ایج باسٹن میں کھیلا گیا۔

https://p.dw.com/p/18mK4
تصویر: AP

انگلش کپتان الیسٹر کُک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کی طرف سے اِیان بیل نے پچیس ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اپنے واروکشائر کے ہوم گراؤنڈ پر 91 رنز اسکور کیے۔ مقرر اوورز میں میزبان ٹیم نے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔

بیل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں جوناتھن ٹروٹ کے ساتھ 111 رنز بنائے۔ ٹروٹ کا انفرادی اسکور 43 تھا۔ بعدازاں آسٹریلیا کسی حد تک انگلینڈ کا راستہ روکنے میں کامیاب ہوا، لیکن ساتویں وکٹ کی شراکت میں روی بوپارا اور ٹِم بریسنن نے 56 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک بہتر ٹوٹل تک پہنچایا۔ اِیان بیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تاہم 270 کا یہ ہدف آسٹریلوی ٹیم کی پہنچ سے بہت دُور دکھائی دیا جو کپتان مائیکل کلارک کے بغیر کھیل رہی ہے۔ مہمان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے 30 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ انگلینڈ کے کامیاب ترین وَن ڈے بولر بن گئے ہیں۔ اس میچ میں پہلی وکٹ لے کر ہی وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے انگلش بولر بن گئے۔ اس سے قبل وہ 234 وکٹوں کے ساتھ ڈیرن گوف کے برابر تھے۔

Flash-Galerie Cricket Jonathan Trott
جوناتھن ٹروٹتصویر: AP

اس میچ میں آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلے نے 55 رنز بنائے۔ یوں کم از کم آسٹریلیا کی وہ ندامت تو دُور ہوئی جو اسے منگل کو بھارت کے خلاف وارم اَپ میچ میں بدترین شکست سے اٹھانی پڑی تھی۔ اس میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 65 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ہفتے کے میچ میں آسٹریلیا کو سلو اوور ریٹ پر جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضوابط کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑیوں پر 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا جبکہ کپتان کے لیے یہ جرمانہ 20 فیصد ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے اس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی۔

چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ اے کا یہ پہلا میچ تھا۔ اس گروپ میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا بھی شامل ہیں جن کا میچ اتوار کوکارڈیف میں ہو رہا ہے۔

گروپ بی میں بھارت پہلے ہی جنوبی افریقہ کو شکست دے چکا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز پاکستان کو مات دے چکا ہے۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گے جبکہ فائنل 23 جون کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

ng/aba(AFP)