1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز ٹرافی : نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف فتح

28 ستمبر 2009

جنوبی افریقہ میں جاری چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے غیر متوقع طور پر مضبوط سمجھے جانے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم کو ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JqMk
سری لنکا کے بیٹسمین یکے بعد دیگرے نیوزی لینڈ کی نپی تلی بولنگ کا شکار ہوتے چلے گئےتصویر: AP

ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے 315 کا بڑا سکور کھڑا کر دیا۔ لنکن بولر لاستھ مالینگا کے دس اوورز میں 85رنز بنے۔ 316کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے بیٹسمین اچھے آغاز کے باوجود تھک گئے اور یکے بعد دیگرے نیوزی لینڈ کی نپی تلی بولنگ کا شکار ہوتے چلے گئے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے افتتاحی بلے بازوں برینڈن میک کولم اور جے رائیڈر نے محض بیس اوورز میں شاندار شراکت میں 125رنز جوڑے۔ رائیڈر 74 جبکہ میک کولم 46 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ڈینیئل ویٹوری نے آخر میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 رنز بنائے جبکہ ایم گُپٹل نے نصف سنچری بنائی۔ کپتان ویٹوری نے اچھی بولنگ بھی کی اور سری لنکا کے دو اہم کھلاڑیوں، جے وردھنے اور سمراویرا کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہیں شاندار آل راوٴنڈ کارکردگی کے لئے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کی طرف سے دلشان نے 41، مہیلا جے وردھنے نے 77 اور بولر کلا سیکرا نے 57 رنز بنائے۔ کپتان کمار سنگا کارا، جے سوریہ، سمرا ویرا اور کاندامبی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : گوہر نذیر